برادر شوگر مل کی چینی فروخت کر کے رقم عدالتی اکاونٹ میں جمع کرانے کا حکم

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 12 جولائی 2016 20:02

لاہور (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی12 جولائی ۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے کسانوں کے پیسے دبانے پر برادر شوگر مل کی چینی کا تمام سٹاک فروخت کر کے رقم عدالتی اکاونٹ میں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسانوں کے خون پسینے کی رقم کسی کو ہڑپ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،،عدالت ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

عدالتی سماعت کے موقع پر کسانوں کے وکلاء نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نجی شوگر ملوں نے کسانوں کی جانب سے گنا فراہم کرنے کے باوجود بیاسی کروڑ روپے کی رقم دبا رکھی ہے جس سے انہیں نئے سیزن کی کاشتکاری میں بھی مشکلات درپیش ہیں جبکہ وہ شدید مالی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم پر شوگر کین کمشنر نے بینکوں کے پاس شوگر مل کی رہن شدہ چینی اور کین کمشنر کے پاس موجود چینی کے سٹاک کی تفصیلات سے عدالت کو آگاہ کیا۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ کین کمشنر کے پاس چینی کی چار لاکھ بوریاں اور بینکوں کے پاس دو لاکھ نو ہزار بوریاں موجود ہیں ۔کین کمشنر کے پاس موجود شوگر کی رقم ایک کروڑ بیس لاکھ کے قریب بنتی ہے جبکہ شوگر مل نے کسانوں کے بیاسی کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کسانوں کی جمع پونجی کا تحفظ کرنا عدالت کی ذمہ داری ہے۔عدالتی حکم کے باوجود مل انتظامیہ کی عدم پیشی پرعدالت نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر بورڈ آف ڈائریکٹرز کو طلب کر لیا،،عدالتی استفسارپر عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ برادر شوگر مل میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے بھی شئیرز موجود ہیں۔

جس پرعدالت نے کسانوں کے پیسے دبانے پر برادر شوگر مل کی چینی کا تمام سٹاک فروخت کر کے رقم عدالتی اکاونٹ میں جمع کرانے کا حکم دے دیا،،عدالت نے شوگر مل کے دیگر اثاثہ جات کی فروخت کے لئے فریقین کے وکلاء کو معاونت کے لئے طلب کر تے ہوئے سماعت پندرہ اگست تک ملتوی کر دی۔