کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کی تعداد میں اضافہ

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 12 جولائی 2016 19:57

سرگودھا (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی12 جولائی ۔2016ء ) سرگودھا اور گردونواح میں ٹریفک پولیس کے عملہ کی مہربانیوں کے باعث کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے سرگودھا ضلع میں ہزاروں کی تعداد میں چنگ چی رکشے رواں دواں ہیں اور ان کے ڈرائیوروں کی اکثریت کی عمریں 18 سال سے کم ہیں جو قانون سے نا واقف ہونے کیساتھ ساتھ ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں رکھتے جس کی وجہ سے حادثات میں غیر معمولی اضافہ ہورہا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ان ڈرائیوروں کیخلاف کاروائی نہ ہونے سے انسانی زندگیوں کیلئے خطرات بڑھتے جارہے ہیں جبکہ جگہ جگہ ان چنگ چی رکشاؤں کے اڈے قائم ہونے سے ٹریفک کی روانی میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے سواری کے لالچ میں آگے پیچھے دیکھے بغیر ہی یہ کم عمر ڈرائیور سڑک میں ہی بریک لگا دیتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر اوقات بڑے حادثات جنم لیتے ہیں شہریوں نے ایس پی ٹریفک سے استدعا کی ہے کہ وہ فوری طور پر کم عمر ڈرائیوروں کیخلاف کاروائی عمل میں لائیں اور ایسے ڈرائیوروں کیخلاف کاروائی کرتے ہوئے انہیں گاڑیوں سمیت تھانوں میں بند کیا جائے تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔