بارش برسانے والا ہوا کا کم دباوٴ سندھ میں داخل ہوچکا ‘ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں کا سبب بنے گا

منگل 12 جولائی 2016 13:47

اسلام آباد /کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جولائی ۔2016ء) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارش برسانے والا ہوا کا کم دباوٴ سندھ میں داخل ہوچکا ہے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں کا سبب بنے گا ‘کراچی کی بلدیاتی انتظامیہ نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر محکمہ جات ایمرجنسی نافذ کردی ‘ملک میں جاری مون سون بارشوں اور پہاڑوں پر برف پگھلنے سے دریاوٴں اور ندی نالوں کے بہاوٴ میں بتدریج اضافہ ہونے لگا ‘کئی مقامات پر سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ‘وارننگ جاری کر دی گئی۔

ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات عبدالرشید کے مطابق بارش برسانے والا ہوا کا کم دباوٴ پاکستان میں داخل ہوچکا ہے جو مٹھی، تھرپارکر، ننگر پارکر، میر پور خاص، بدین اور حیدرآباد میں بارش برساتا ہوا کراچی میں داخل ہوگا۔

(جاری ہے)

ہوا کا یہ کم دباوٴ کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں چوبیس گھنٹوں میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کا باعث بنے گا۔

دوسری جانب کراچی کی بلدیاتی انتظامیہ نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر محکمہ جات ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ ایڈمنسٹریٹرکراچی لئیق احمد کا کہنا ہے کہ ممکنہ بارشوں کے پیش نظربلدیہ عظمیٰ کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، متعلقہ محکموں کے تمام افسران اور اہلکار بر وقت حاضر ہوں گے، اس کے علاوہ مختلف مقامات پر سٹی وارڈن تعینات کر دیئے گئے ہیں، عوام ریسکیو ایمبولینس کے لیے 1122 ‘ فائر بریگیڈ کیلئے 16 پر رابطہ کریں۔

دوسر جانب ملک میں جاری مون سون بارشوں اور پہاڑوں پر برف پگھلنے سے دریاوٴں اور ندی نالوں کے بہاوٴ میں بتدریج اضافہ ہونے لگا ‘کئی مقامات پر سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔خیبرپختونخوا فلڈ سیل کے مطابق دریائے پنجکوڑا میں دیرکے مقام پرنچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاوٴ 11 ہزار 595 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ‘ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پرنچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاوٴ 50 ہزار 600 کیوسک رکارڈ کیا گیا دریائے سندھ میں کالا باغ چشمہ اورگڈو پربھی نچلے درجے کا سیلاب ہے، کالاباغ پر پانی کی آمد 2 لاکھ 75 ہزار 100 اور اخراج 2 لاکھ 67 ہزار600 کیوسک ہے، دریائے سندھ میں چشمہ بیراج پر پانی کی سطح میں کمی ہوئی ہے، اس وقت بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 69 ہزار260 جب کہ اخراج 2 لاکھ 96 ہزار 49 کیوسک ہے۔

سکھر بیراج پر پانی کی آمد دو لاکھ 38 ہزارسے تجاوزکرگئی ہے، جس کے بعد سکھر بیراج سے کوٹری بیراج کے لیے ایک لاکھ 83 ہزار کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے جہاں کوٹری پانی کی آمد66 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویڑن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق تربیلاڈیم میں قابل استعمال پانی کی سطح ایک ہزار511 فٹ ہے ‘ ڈیم سے پانی کا اخراج 2 لاکھ 12 ہزار200 کیوسک ہے ‘منگلا ڈیم میں قابل استعمال پانی کی سطح ایک ہزار 220 فٹ ہے ‘ پانی کی آمد 37 ہزار285 اور اخراج 15 ہزارکیوسک ہے۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے رواں برس سندھ اور بلوچستان میں معمول سے زائد بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :