مون سون کی بارشوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کردی

یونین کونسل ، ترلائی ، بارہ کہو اور سہالہ میں لوگوں کو روزانہ کی بنیاد پر خبردار کیا جائے گا،نالہ کورنگ اور دیگر نشیبی علاقوں اور کچی آبادیوں میں سیلاب کا خطرہ ہوسکتا ہے، ڈی سی کی تمام ایمرجنسی اسٹاف ، اسسٹنٹ کمشنر اور مجسٹریٹس کو الرٹ رہنے کی ہدایات

پیر 11 جولائی 2016 22:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی ۔2016ء ) مون سون کی بارشوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کردی جس میں کہاگیاہے کہ موسلادھار بارشوں سے راول ڈیم اور سملی ڈیم اور کورنگ نالے میں طغیانی بھی آسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی سی کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد نے تمام ایمرجنسی اسٹاف ، اسسٹنٹ کمشنر اور مجسٹریٹس کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہاہے کہ یونین کونسل ، ترلائی ، بارہ کہو اور سہالہ میں لوگوں کو روزانہ کی بنیاد پر خبردار کیا جائے گا ، ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ حلقہ پٹواری اور سول ڈیفنس کا عملہ چوبیس گھنٹے دستیاب ہوگا ۔

ایڈوائزری میں کہاگیاہے کہ نالہ کورنگ اور دیگر نشیبی علاقوں اور کچی آبادیوں میں سیلاب کا خطرہ ہوسکتا ہے ۔ڈی سی اسلام آباد کے مطابق راول ڈیم اور سملی ڈیم کے ایس ڈی اوز سول انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے ۔محکمہ موسمیات صورتحال سے سول انتظامیہ کو بروقت آگاہ رکھے گا ، ڈی سی مشتاق احمد نے کہاکہ ایمرجنسی کنڑول روم بھی قائم کردیا گیا جہاں پر چوبیس گھنٹے صورتحال کو مانیٹر کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :