عبدالستار ایدھی کا نام پاکستان کی تاریخ میں ایک عظیم اور مخلص شخصیت کی حیثیت سے ہمیشہ زندہ رہے گا، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم

پیر 11 جولائی 2016 22:34

لالہ موسیٰ۔11 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 جولائی ۔2016ء ) انسانیت کی خدمت کی لگن ارفع ترین انسانی جذبہ ہے۔ تاریخ انسانیت میں انہیں عظیم لوگوں کی خدمات کو سنہری حروف میں لکھا گیا جنہوں نے اپنی زندگیاں انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کرتے ہوئے کارہائے نمایاں سر انجام دئیے۔ عبدالستار ایدھی کا نام پاکستان کی تاریخ میں ایک عظیم اور مخلص شخصیت کی حیثیت سے ہمیشہ زندہ رہے گا۔

(جاری ہے)

ایدھی ایک صاحب دل قد آور شخصیت اور انسان دوستی کا استعارہ تھے۔ ایدھی جیسی عظیم شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔ ان کی موت میں بھی ایک عظمت پنہاں ہے۔ انہوں نے پاکستان میں قومی خدمت کے جذبہ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے جامعہ گجرات میں معروف انسان دوست شخصیت عبدالستار ایدھی کی وفات پر منعقدہ ایک تعزیتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔