پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر طارق محمود کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ڈائریکٹر جنرل سارہ سعید سے ملاقات

پیر 11 جولائی 2016 22:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء ) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبوں سے تعلیمی پسماندگی کے خاتمے میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں ،پسماندہ اور دیہی علاقوں میں آباد لاکھوں ضرورت مند گھرانوں کے بچے و بچیاں پیف کی بدولت مفت اور معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ یہ بات پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر طارق محمود نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ڈائریکٹر جنرل سارہ سعید سے ملاقات کے دوران کہی ۔

سارہ سعید نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی تعلیمی کارکردگی کو سراہا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وسیلہ تعلیم پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام نے ملک کے غریب بچوں کے روشن مستقبل کی بنیاد ڈالی ہے اور ہزاروں مستحق بچے وسیلہ تعلیم پروگرام کے تحت گورنمنٹ و پرائیویٹ سکولوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات کی خواہش کا اظہار کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے منسلک ایسی غریب مائیں جن کے بچے و بچیاں وسائل کی کمی کی بناء پر سکول نہیں جا سکتے ، انہیں باہمی اشتراک سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں میں مفت تعلیم دلوائی جائے ۔

اس موقع پر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر (آپریشنز) عمران یعقوب ، ڈائریکٹر (ای وی ایس) ثمینہ نواز اور ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈینیشن فاطمہ جمال اسماء بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :