اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ون ویلنگ کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاؤن ، 3407موٹر سائیکل تھانوں میں بند ، ہزاروں کو جرمانہ

پیر 11 جولائی 2016 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی ۔2016ء ) اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ون ویلنگ کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاؤن،رمضان المبارک اور عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران 3407موٹر سائیکل تھانوں میں بند جبکہ ہزاروں موٹر سائیکلوں کو جرمانہ بھی کیا گیا،قانون پر عملداری کے لئے سپیشل سکواڈ تشکیل دیئے گئے جنھوں نے اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں اور اہم چوکوں پر ناکے لگا کر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کو یقینی بنایا،ایس ایس پی ٹریفک ملک مطلوب نے اچھی ڈیوٹی کرنے پر تمام افسران و اہلکاروں کو شاباش دی ،تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے رمضان المبارک اور عید الفطر کے دوران موٹر سائیکل استعمال کرنے والے شہریوں کے جان و مال کے تحفط کویقینی بنانے اور ان کو حادثات سے محفوظ رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے ،اسی سلسلے میں ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا، مہم کے دوران کاروائی کرتے ہوئے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے رمضان المبارک اور عید الفطر کے دوران 3407 موٹرسا ئیکل تھانوں میں بند کر دیں جبکہ ہزاروں موٹر سائیکلوں کو جرمانہ بھی کیا گیا مہم کے دوران بغیر ہیلمٹ،سائیڈ مررز،خراب ہیڈ لائٹس،ریر لائٹس اور بغیرانڈیکیٹرز موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کاروائی کی گئی ،اور ہزاروں موٹر سائیکلوں کو چالان ٹکٹ اور جرمانہ کیا گیا ایس ایس پی ٹریفک ملک مطلوب نے اس مہم کے لئے خصوصی سکواڈ تشکیل دیئے جنھوں نے اسلام آباد کے مختلف شاہراہوں اور اہم چوکوں پر ناکہ جات لگا کر قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنا یا، ایس ایس پی ٹریفک ملک مطلوب احمد نے اچھی ڈیوٹی کرنے پر تمام افسران و اہلکاروں کو شاباش دی اور کہا کہ آئندہ بھی اسی طرح ڈیوٹی سرانجام دیں تا کہ حادثات میں ہر ممکن کمی لائی جا سکے اور اسلام آباد کے شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے