بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی ، پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر احتجاج

سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا برہان وانی اور30بے گناہ کشمیریوں کی شہادت پر اظہار تشویش کشمیریوں کے پر امن احتجاج پر طاقت کا استعمال ماورائے عدالت قتل ہے ، پرامن کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہیں، اعزاز چوہدری

پیر 11 جولائی 2016 22:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی ۔2016ء ) پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر احتجاج کیا گیا ۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے برہان وانی اور30بے گناہ کشمیری شہریوں کے قتل پر اظہار تشویش کیا۔

(جاری ہے)

پیر کو سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے کو دفتر خارجہ طلب کر کے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر احتجاج کیا۔

سیکرٹری خارجہ نے برہان وانی اور کشمیری شہریوں کے قتل پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیریوں کے پر امن احتجاج پر طاقت کا استعمال ماورائے عدالت قتل ہے ۔ پرامن کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہیں ۔ سیکرٹری خارجہ نے بھارتی افواج سے 30کشمیریوں کی شہادت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم کسی صورت قبول نہیں ۔