وزیر اعظم سے وزیر خزانہ اور وزیر اطلاعات کی ملاقات ،ٹی او آرز کمیٹی اورآزاد کشمیر کے انتخابات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال اسحاق ڈار کی ٹی او آرز کمیٹی کے اب تک ہونے والے اجلاسوں بارے بریفنگ، پرویز رشید نے وزیر اعظم کو حویلی واقعہ اور آزاد کشمیر کے انتخابات کیلئے پارٹی کی انتخابی مہم کے حوالے سے آگاہ کیا

وزیر اعظم کی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ منعقد کرانے اور ٹی او آرز پر اتفاق رائے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کی ہدایت

پیر 11 جولائی 2016 21:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی ۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے پیر کو یہاں ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال‘ آزاد کشمیر کے انتخابات ‘ پانامہ لیکس کے معاملہ پر ٹی او آرز کمیٹی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم نواز شریف کو ٹی او آرز کمیٹی کے اب تک ہونے والے اجلاسوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے انہیں ہدایت کی کہ وہ کمیٹی کا دوبارہ اجلاس منعقد کرانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کریں اور یہ کوشش کی جائے کہ متفقہ ٹی او آرز تیار کئے جا سکیں ۔ وزیر خزانہ نے وزیر اعظم کو ملک کی معاشی صورت حال اور اقتصادی شعبے میں حکومت کی کامیابیوں اور عالمی اداروں کی جانب سے ملکی معیشت میں بہتری سے متعلق جائزہ رپورٹوں پر بھی بریف کیا۔ وزیر اطلاعات پرویز رشید نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے بارے میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کے حوالے سے وزیر اعظم کو بریف کیا جبکہ گزشتہ دنوں ضلع حویلی میں پیش آنے والے پر تشدد واقعہ کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا