شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینادوبھر کردیا ہے‘مسلم لیگ (ن) کے دعووں کے باوجود بجلی بحران ختم نہیں ہوسکا‘

کالا باغ ڈیم سمیت نئے ڈیم بنائے جائیں امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدکی لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو

پیر 11 جولائی 2016 21:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نیکہا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھرکردیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی حکومت کے تمام تر دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو تین سال پورے ہوچکے ہیں مگر اس کے باوجود ملک سے بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوسکی۔ مسلم لیگ (ن) نے پہلے چھ ماہ اور پھر دو سال میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کیا لیکن افسوس ناک امر یہ ہے کہ ابھی تک بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام کو نجات نہیں مل سکی ہے۔ غریب عوام پہلے ہی مہنگائی ، بیروزگاری اور غربت سے تنگ آچکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعجب خیز امر یہ ہے کہ اب وزیرا عظم نوا زشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف 2018ء میں بجلی بحران کے خاتمے اور روشن پاکستان کی نوید سنارہے ہیں۔ میاں مقصود احمد نے کہا کہ انرجی بحران سے نظام زندگی عملاً مفلوج ہوچکا ہے۔ پاکستان کی انڈسٹری کو بھی اس بحران سے سخت نقصان پہنچا ہے۔ ہمارے ہمسایہ ممالک بھارت اور بنگلہ دیش بھی انڈسٹر ی کی ترقی کے حوالے سے ہم سے کہیں آگے نکل چکے ہیں۔

یہ ہمارے حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو انرجی بحران پر قابو پانے کے لیے کالا باغ ڈیم سمیت چھوٹے بڑے ڈیم بنانے کی طرف پوری توجہ دینی چاہیے۔ اگر نئے ڈیم بنیں گے تو ملک ترقی کرے گا اور زراعت کا شعبہ بھی بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پانی سے بجلی سستی میسر ہوتی ہے۔ کالا باغ ڈیم بننے سے ایک روپے پچاس پیسے فی یونٹ بجلی عوام کو مل سکے گی۔ حکومت کو نئے ڈیم بنا کر عوام کو ریلیف دینا چاہیے۔