پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ درست سمت کی طرف گامزن ہے، احسن اقبال

بروقت تکمیل کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے حالات سازگار بنائے جائیں،وفاقی وزیر کی صوبائی حکومتوں کو تلقین

پیر 11 جولائی 2016 20:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس کی بروقت تکمیل کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پلاننگ کمیشن میں منعقدہ ایک اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

۔اجلاس کا مقصد سی پیک کے مختلف منصوبوں بشمول توانائی ، گوادر ، انفراسٹرکچر سمیت دیگر کی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے ہدایت جاری کی کہ مغربی روٹ کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں باقاعدگی سے انہیں آگاہ کیا جائے۔انہوں نے اقتصادی راہداری کے حوالے سے طویل مدتی پلان کے تعین کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گوادر کے کچھ منصوبوں کی اگلے ماہ اگست میں جشن آزادی کے موقع پر گراؤنڈ بریکننگ کی جائے۔وفاقی وزیر نے گوادر بین الاقوامی ائیرپورٹ اور گوادر بندرگاہ منصوبوں پر کام کو تیز کرنی کی ہدایت جاری کی۔توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ پورٹ قاسم ، تھر ، حبکو کوئلہ اور ساہیوال پاور پلانٹ اور دیگر منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے صوبائی حکومتوں کو تلقین کرتے ہو ئے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے حالات سازگار بنانے کو یقینی بنایا جایا۔

متعلقہ عنوان :