داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر میں اہم پیشرفت،پراجیکٹ کے سٹیج ون کے مین سول ورکس کیلئے واپڈا ہاؤس میں بِڈز کھولی گئیں

بِڈز کی جانچ پڑتال اور ورلڈ بنک کی جانب سے این او ایل موصول ہونے کے بعد کنٹریکٹس ایوارڈ کئے جائیں گے

پیر 11 جولائی 2016 20:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر واپڈا ہاؤ س میں پراجیکٹ کے سٹیج ون کے مین سول ورکس (ایم ڈبلیو1- اور ایم ڈبلیو 2- ) کیلئے بِڈز وصول کی گئیں ۔ممبر واٹرمحمد شعیب اقبال کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے بعدازاں موصول ہونے والی بِڈزکومتعلقہ تعمیراتی کمپنیوں کے نمائندوں کی موجودگی میں کھولا۔

ایم ڈبلیو1- کے تحت سول ورکس کی بِڈز میں ہائیڈرالک ڈائیورژن (Diversion)سٹرکچر، سپل وے، اِن ٹیک سٹرکچر، ٹنل اور ہائیڈرالک سٹرکچر کی تعمیر شامل ہیں۔ مذکورہ ورکس کیلئے چین، ترکی اور ویت نام سے تعلق رکھنے والی چار کمپنیوں نے مذکورہ بِڈنگ میں حصہ لیا۔ ایم ڈبلیو2- کے تحت بِڈز میں زیرِ زمین پاور ہاؤس، دو اِن ٹیک پاور ٹنلز، دو ٹیل ریس ٹنلز اور ہائیڈرالک سٹیل سٹرکچر کی تعمیر شامل ہیں جس کیلئے تین کمپنیوں نے اپنی بِڈزجمع کرائیں۔

(جاری ہے)

اِن کمپنیوں کا تعلق چین، ترکی اور جنوبی کوریا سے ہے۔ اِن بِڈز کی جانچ پڑتال اور ورلڈ بنک سے این او ایل Letter) (No Objection ملنے کے بعدمذکورہ کنٹریکٹس ایوارڈ کئے جائیں گے ۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ پراجیکٹ کے ابتدائی کاموں کے لئے مندرجہ ذیل پانچ کنٹریکٹس پہلے ہی ایوارڈ کئے جاچکے ہیں،14 ارب 53 کروڑ روپے کی مالیت سے پراجیکٹ ایریا میں شاہراہ قراقرم کی ازسرِنو تعمیر ،دو ارب 71 کروڑ روپے کی مالیت سے دائیں کنارے پر رسائی کیلئے سڑک کی تعمیر،ایک ارب 58 کروڑ روپے سے دبیرخواڑ ہائیڈل پاور سٹیشن سے داسو تک 132 کے وی ترسیلی لائن کی تعمیر،چار ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت سے پراجیکٹ کالونی اور متعلقہ انفراسٹرکچر کی تعمیراور 57 کروڑ 19 لاکھ روپے سے ری سیٹلمنٹ سائٹس اور شتیال میوزیم کی تعمیر شامل ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں داسو ٹاؤن کے بالائی جانب دریائے سندھ پر تعمیر کیا جانے والا داسو ہائیڈرو پاورپراجیکٹ ملک اور صوبہ خیبر پختونخوا دونوں کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اس منصوبے کی بدولت سستی پن بجلی کے ذریعے ملکی اقتصادیات مستحکم ہوگی اور خیبر پختونخوا کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں اقتصادی اور معاشرتی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا ۔عالمی بنک داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے سٹیج ون کی تعمیر کیلئے جزوی طور پر فنڈز فراہم کر رہا ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی پانچ سال میں تکمیل پر ہر سال قومی نظام کو 12ارب یونٹ سے زائد بجلی مہیا ہوگی، جبکہ دوسرے مرحلے کی تکمیل پر تقریباً 9ارب یونٹ مزید سستی بجلی حاصل ہوگی۔

متعلقہ عنوان :