Live Updates

جب تک پارٹی کی اندرونی گروہ بندیاں ختم نہیں کی جائیں گی پانامہ لیکس کیخلاف احتجاجی تحریک کامیاب نہیں ہو سکتی‘ زبیر خان

خوشامدی اور پیسے والہ ٹولہ پی ٹی آئی پر ہاوی ہو چکا ،عمران خان انصاف کریں ‘ پی ٹی آئی لیبر ونگ کے مزکزی صدر کی دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

پیر 11 جولائی 2016 20:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف لیبر ونگ کے مرکزی صدر محمد زبیر خان نے کہا ہے کہ جب تک پارٹی کی اندرونی گروہ بندیاں ختم نہیں کی جائیں گی پانامہ لیکس کے خلاف احتجاجی تحریک کامیاب نہیں ہو سکتی ، خوشامدی اور پیسے والہ ٹولہ پی ٹی آئی پر ہاوی ہو چکا ہے اور سب سے زیادہ نقصان پہنچا رہا ہے،عمران خان پارٹی کے اندر انصاف کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پی ٹی آئی لیبر ونگ کے سینئر نائب صدر ارشد سندھو،صدر سنٹرل پنجاب ر انا سلیم نیاز ، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات انعام الحق سلیم اور چیف کوآرڈینیٹر پی ٹی آئی الیکشن کمیشن سیما انور بھی موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

محمد زبیر خان نے کہا کہ نعیم الحق ، عمران اسماعیل ، اسد عمر اور اعجاز چوہدری جیسے خوش آمدی اور پیسے والے لوگ عمران خان کے آگے جمع ہو چکے ہیں اور انہوں نے پارٹی پر اپنا قبضہ جما رکھا ہے ، یہی وہ لو گ ہیں جنہوں نے پارٹی کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے ، اس ٹو لے کی مو جودگی میں وہ اپنی پارٹی سے انصاف نہیں کر پا رہے ، مفاد پرست طبقہ آگے آگے ہے اور اصل کارکنان کی کوئی وقعت و اہمیت ہی نہیں رہی ہے جس کی وجہ سے عمران خان اصل طبقے سے دور ہوتے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اِس وقت پی ٹی آئی پانامہ لیکس کے ایشو پر تمام اپوزیشن جماعتوں اور پاکستانی عوام کو فیصلہ کن تحریک چلانے اور حکمرانوں کے خلاف ایک مشترکہ حکمت عملی کی تیاری کررہی ہے لیکن یہ تمام حکمت عملیاں ناکام ہو کر رہ جائیں گی جب تک پارٹی کی اندرونی گروہ بندیاں ختم نہیں کی جائیں گی ۔ پانامہ لیکس کے خلاف احتجاجی تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے پی ٹی آئی لیبر ونگ نے پاکستان کے محنت کش طبقے کو ساتھ چلانے اور احتجاجی تحریک کا حصہ بنانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے ، ہم پاکستان بھر کے محنت کشوں اور ٹریڈ یونین کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اپنے حقوق لینے کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔

زبیر خان نے کہا کہ ہماری تنظیم نے ملک غلام حسین کو لیبر ونگ پنجاب کا صدر نامزد کیا تھا تاہم وہ اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہے اس لیے ان کی جگہ متحرک اور فعال شخصیت میاں طارق محمود کو پنجاب لیبر ونگ کا صدر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جا ری کر دیا گیا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسد عمر اور اعجاز چوہدری لیبر ونگ کے معاملات میں مداخلت کرتے ہیں میں ان سے کہتا ہوں کہ وہ ایسا کرنے سے باز رہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات