عبدالستار ایدھی کے مشن کو بلارکاوٹ آگے بڑھانا سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے‘ فاؤنڈرز گروپ

پیر 11 جولائی 2016 20:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) فاؤنڈرز گروپ نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی کے مشن کو بلارکاوٹ آگے بڑھانا حکومت، تاجروں اور عام افراد سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔عبدالستار ایدھی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا اس سے بہتر اور کوئی طریقہ نہیں ہوسکتا کہ انسانیت کی خدمت کے لیے ان کا مشن کسی مشکل کے بغیر جاری رہے۔

فاؤنڈرز گروپ کے چیئرمین اعجاز بٹ اور سینئر لیڈر میاں محمد اشرف نے ان خیالات کا اظہار گروپ کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو عبدالستار ایدھی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔ اجلاس میں فاؤنڈرز گروپ کے رہنماؤں صدور سید محسن رضا بخاری، افتخار علی ملک، طارق حمید، شیخ محمد آصف، میاں مصباح الرحمن، شاہد حسن شیخ، میاں مظفر علی، فاروق افتخار، اعجاز اے ممتاز، عبدالباسط ،صدر الماس حیدر اور ناصر سعید نے بھی اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

اعجاز بٹ اور میاں محمد اشرف نے کہا کہ عبدالستار ایدھی ایک عظیم انسان تھے جنہوں نے اپنی تمام زندگی دکھی انسانوں کی خدمت کے لیے وقف کردی۔ انتہائی سادہ زندگی گزارنے والے عبدالستار ایدھی نے دنیا بھر میں پاکستان کا جھنڈا بلند کیا اور ملک کی پہچان بنے۔ فاؤنڈرز گروپ کے رہنماؤں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی ساری قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

انہوں نے انسانیت کی خدمت کے لیے جو مثالیں قائم کی ہیں وہ مشعلِ راہ ہیں اور ہر ایک پاکستانی کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔ فاؤنڈرز گروپ کے رہنماؤں نے کہا کہ ایدھی فاؤنڈیشن کا نیٹ ورک ملک بھر میں پھیلا ہوا ہے جس کے زیرانتظام سینکڑوں ایمبولینسز ، یتیم خانے، میڈیکل اور تحفظ خواتین سنٹرز چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ان تمام منصوبوں کی پوری طرح دیکھ بھال کرنی چاہیے تاکہ عظیم شخصیت عبدالستار ایدھی کا مشن بلارکاوٹ جاری رہے۔

متعلقہ عنوان :