سٹی ٹریفک پولیس نے 5روز میں 883 ویلرز کو گرفتار کرکے انکے خلاف مقدمات درج کرائے

پیر 11 جولائی 2016 20:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہاکہ عید کے موقع پر ٹریفک کی روانی کیلئے بہتر انتظامات کے ساتھ ساتھ ون ویلرز کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے جس کیلئے 9سپیشل اسکواڈ میں 92سے زائد اہلکار تعینات کیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خصوصی کریک ڈاؤن میں ابتک883 افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے۔

ون ویلروں کے خلاف ایس پیز کی نگرانی میں بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی ۔ سی ٹی اونے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس نے عید کے موقع پر جس محنت اور لگن سے ڈیوٹی کی اس پر انکی کارکردگی قابل ستائش ہے اور وارڈنز شاباش کے مستحق ہیں ۔چیف ٹریفک آفیسر کی ہدایت پر ون ویلنگ کی روک تھام اور انسدادی کارروائی کیلئے عید کے دنوں سے ایس پیز کی نگرانی میں خصوصی کریک ڈاؤن شروع کیا گیا۔

(جاری ہے)

خصوصی کریک ڈاؤن میں ٹریفک سیکٹرگلبرگ،اولڈ ائر پورٹ ،ماڈل ٹاؤن،مغلپورہ،باغبانپورہ،گرین ٹاؤن،ٹاؤن شپ، راوی روڈ ، لاری اڈہ ،مال ون ، مال ٹو ، مال تھری ،انارکلی ، شادمان ، اچھرہ ، مزنگ ،شاہدرہ ،اور وحدت روڈ سیکٹر نے 883منچلوں کو ون ویلنگ کرتے ہوئے حراست میں لیکر انکے خلاف مقدمات درج کروائے۔ طیب حفیظ چیمہ نے شہر کے وزٹ کے دوران اینٹی ون ویلنگ اسکواڈ کو خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو ون ویلنگ سے بچاتے ہوئے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا سٹی ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

وارڈنز ون ویلنگ کے خاتمے کیلئے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں ۔انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر توجہ رکھتے ہوئے انہیں ون ویلنگ جیسے خطرناک کھیل سے دور رکھتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :