سلیمانکی بیراج کی ڈیوائڈنگ وال کو پہنچنے والے نقصان کا سخت نوٹس، انکوائری کمیٹی بنانے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب کا سلیمانکی بیراج کا دورہ،بحالی و تعمیر نو کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ، پراجیکٹ کا تفصیلی معائنہ کیا ڈیموں، بیراجوں اور بندوں کی دیکھ بھال کیلئے اقدامات میں کوتاہی برداشت نہیں کرونگا، دیوار کو پہنچنے والے نقصان کی مرمت کا خرچہ ٹھیکیدار اور کنسلٹنٹ سے وصول کیا جائے‘شہباز شریف کی ہدایت

پیر 11 جولائی 2016 20:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سلیمانکی بیراج کا اچانک دورہ کیا اور سلیمانکی بیراج کی بحالی و تعمیر نو کے منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے سلیمانکی بیراج کی بحالی کے پراجیکٹ کا تفصیلی معائنہ کیا اور اس موقع پر متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ کو سلیمانکی بیراج کی بحالی و تعمیر نو کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے سلیمانکی بیراج کی بحالی کے منصوبے کے معائنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 3 ارب 64 کروڑ روپے کی لاگت سے سلیمانکی بیراج کے بحالی کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور اس منصوبے کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے محکمہ آبپاشی کے حکام کو ہدایت کی کہ پنجاب میں ڈیموں، بیراجوں اور بندوں کی حفاظت اور نگرانی کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں اور مون سون کے پیش نظر ممکنہ سیلاب کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈیموں، بیراجوں اور بندوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے سلیمانکی بیراج کی ڈیوائڈنگ وال کو پہنچنے والے نقصان کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کمیٹی بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس دیوار کو پہنچنے والے نقصان کی مرمت کا خرچہ ٹھیکیدار اور کنسلٹنٹ سے وصول کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ دیوار بہت پرانی ہے تاہم دیوار انتہائی پرانی ہونے کو جواز کے طور پر پیش نہ کیا جائے، اس معاملے کی ہر پہلو سے انکوائری ہوگی اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ آبپاشی کے تمام منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں۔

اگر کہیں غفلت یا کوتاہی سامنے آئی تو متعلقہ افسران کے خلاف سخت ایکشن لوں گا۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عوام اور املاک کو سیلابی پانی سے محفوظ رکھنے کیلئے ابھی سے پیش بندی کی جائے تاکہ مون سون میں طغیانی سے ہونے والے نقصان کو کم سے کم کیا جاسکے اوراس حوالے سے کسی تساہل کی کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہتمام متعلقہ محکمے اورادارے بہترین کو آرڈینیشن کے تحت تیزرفتاری سے کام کریں۔آبپاشی کے اثاثوں میں بہتری کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھائے جائیں ۔سیکرٹری آبپاشی نے وزیراعلیٰ کو سلیمانکی بیراج کی بحالی و تعمیر نو کے منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :