پی سی بی کا بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور ٹرینر لیوڈن کے معاہدے میں ایک سال کی توسیع کا فیصلہ

چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی منظوری کے بعد جلد نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان

پیر 11 جولائی 2016 19:03

پی سی بی کا بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور ٹرینر لیوڈن کے معاہدے میں ایک ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور ٹرینر لیوڈن کے معاہدے میں ایک سال کی توسیع کا فیصلہ کر لیا ، چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی منظوری کے بعد جلد نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاوراور ٹرینر لیوڈن کا پی سی بی کے ساتھ معاہدہ جولائی کے آخر میں ختم ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

جس پر قومی کر کٹ کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے دونوں کے معاہدے میں ایک سال کی توسیع کی سفارش کی تھی جس کی روشنی میں پی سی بی نے دونوں کے معاہدے میں ایک سال توسیع کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی منظوری کے بعد دونوں کے معاہدے میں توسیع کا نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا ۔ معاہدے میں توسیع کے تحت بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور ٹرینر لیوڈن دونوں آئندہ سال 2017 ء میں انگلینڈ میں ہونے والی کرکٹ چمپئن ٹرافی تک قومی کرکٹ ٹیم کے لئے اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔