ٹی ٹونٹی کا شیر ہوں ،مزید ڈیڑھ سے دو سال تک ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں‘ شاہد آفریدی

سیاست میں آنا چاہیے، دل بھی بہت کرتا ہے ،ارداہ بھی ہے لیکن فی الحال بزرگ منع کررہے ہیں‘ قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر کی گفتگو

پیر 11 جولائی 2016 19:03

ٹی ٹونٹی کا شیر ہوں ،مزید ڈیڑھ سے دو سال تک ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ ..

لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی کا شیر ہوں اس لئے مزید ڈیڑھ سے دو سال تک محدود اوورز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے فیس بک لائیو میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اگلے 5سال کا کوئی پلان نہیں لیکن ٹی ٹونٹی کا شیر ہوں اس لئے مزید ڈیڑھ سے 2سال تک ٹی ٹونٹی میچز کھیلوں گا تاہم ون ڈے میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں، فٹنس لیول بہت عمدہ ہے اس لئے جب تک دم ہے اس وقت تک ٹی ٹونٹی کرکٹ میں جلوے بکھیرتا رہوں گا، چاہے پاکستان کی جانب سے ہو یا کسی لیگ کی طرف سے، مزید کرکٹ کھیلوں گا۔

فاسٹ بولر محمد عامر کے بارے میں برطانوی میڈیا میں آنے والی منفی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ محمد عامر کم عمر ہے لیکن وہ انتہائی مضبوط اعصاب کا مالک ہے جسے برطانوی میڈیا کی خبروں کی کوئی پرواہ نہیں اور اس طرح کی خبریں ان کی پرفارمنس پر اثرانداز نہیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

ریٹائرمنٹ کے بعد سیاست میں آنے کے حوالے سے بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ سیاست میں آنا چاہیے، دل بھی بہت کرتا ہے اور ارداہ بھی ہے لیکن فی الحال بزرگ منع کررہے ہیں اس لئے سیاست میں آنے کا ابھی ارادہ نہیں۔

شاہد آفریدی سے جب پوچھا گیا کہ اگر وہ سیاست میں آئے تو کیا عمران خان کی طرح ایک بڑی جماعت بنائیں گے جس پر ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت سیاست سے بھی ہوتی ہے اور اس کے لئے اور بھی کچھ کام کئے جاسکتے ہیں اس لئے سیاست میں نہ بھی آیا تو اپنے فلاحی ادارے اور چیریٹی کے ذریعے لوگوں کی مدد کرسکتا ہوں۔