بھارتی فوج کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے انتہائی مہلک ہتھیار استعمال کر رہی ہے‘ دفاع پاکستان کونسل

حکومت پاکستان کشمیریوں کے وکیل ہونے کا کردار ادا کرے ،مظلوم کشمیریوں کے قتل عام کا مسئلہ تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا جائے انصاف پسند دنیا مظلوم کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل جیسے ادارے خاموشی اختیار کر کے دوہرے معیار کا مظاہرہ کر رہے ہیں، نہتے کشمیری عوام برستی گولیوں میں تاریخی احتجاج سے تحریک آزادی کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں‘مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید، سردار عتیق احمد خاں، لیاقت بلوچ، مولانا فضل الرحمن خلیل، پیر سید ہارون گیلانی، عبداﷲ گل اورمولانا محمد اشرف طاہرکا مشترکہ بیان

پیر 11 جولائی 2016 18:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے انتہائی مہلک ہتھیار استعمال کر رہی ہے، پر امن مظاہرین کیخلاف پیلٹ گنوں اور مرچی گرنیڈز کا بلادریغ استعمال کیا جارہا ہے، انصاف پسند دنیا مظلوم کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے!اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل جیسے ادارے خاموشی اختیار کر کے دوہرے معیار کا مظاہرہ کر رہے ہیں، نہتے کشمیری عوام برستی گولیوں میں تاریخی احتجاج سے تحریک آزادی کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں،حکومت پاکستان کشمیریوں کے وکیل ہونے کا کردار ادا کرے اور مظلوم کشمیریوں کے قتل عام کا مسئلہ تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید، سردار عتیق احمد خاں، لیاقت بلوچ، مولانا فضل الرحمن خلیل، پیر سید ہارون گیلانی، عبداﷲ گل اورمولانا محمد اشرف طاہرنے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے مہلک ہتھیاروں کے استعمال سے مظاہروں میں زخمی ہونے والے نوجوان بینائی سے محروم ہو رہے ہیں اور ان کی زندگیوں کو سخت خطرات لاحق ہیں۔

مودی سرکار کی سرپرستی میں بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ شہداء کے جنازوں پر فائرنگ اور فرضی جھڑپوں کے ذریعہ بے گناہوں کا خون بہایا جارہا ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداربین الاقوامی اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔سیاسی و مذہبی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اس سلسلہ میں بھرپور آواز بلند کریں۔

انہوں نے کہاکہ غاصب بھارتی فوج کی فائرنگ ، لاٹھی چارج اور پیلٹ گنوں کے استعمال سے دو درجن سے زائد کشمیری شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔بھارتی فورسز نے ہسپتالوں کو بھی ٹارچر سیلوں میں تبدیل کر دیا ہے ‘ ڈاکٹروں کو زخمیوں کے علاج سے زبردستی روکا جارہا ہے اور لوگوں کو خون کے عطیات دینے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ۔ سخت ترین کرفیو کے باوجود کشمیری عوام ہر قسم کی پابندیوں کو پاؤں تلے روند کر سڑکوں پر نکل کر احتجاج کر رہے ہیں۔

دنیا کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطہ میں کسی صورت امن قائم نہیں ہو گا۔ دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کہاکہ جمعۃالمبار ک کو ملک بھر میں برہان وانی سمیت دیگر شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔کشمیری عوام اپنے سینوں پر گولیاں کھا کر پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اپنی زندگیاں قربان کر رہے ہیں ۔

پاکستانی حکمرانوں کو بھی چاہیے کہ وہ دنیا بھر میں اپنے سفارت خانوں کو متحرک کریں اور ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کو پوری دنیا پر بے نقاب کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہیں اور مشکل وقت میں انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ تحریک آزادی کشمیر جلد ان شاء اﷲ اپنے منطقی انجام کو پہنچے گی اور وہ وقت دور نہیں ہے کہ جب بھارت کو اپنی آٹھ لاکھ فوج کشمیرسے نکالنا پڑے گی اورمظلوم کشمیری عوام آزاد فضا میں سانس لے سکیں گے۔