بھارت مقبوضہ کشمیر میں آگ اور خون کا کھیل کھیلنے سے باز رہے‘

بھارت کے کشمیر پر قبضہ کرنے کے شوق کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں‘عالمی برادری کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے‘حکومت مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر لابنگ کرے آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل (ر)پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی مذمت

پیر 11 جولائی 2016 16:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل (ر)پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آگ اور خون کا کھیل کھیلنے سے باز رہے۔بھارت کے کشمیر پر قبضہ کرنے کے شوق کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں،عالمی برادری کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے۔

حکومت مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لئے بین الاقوامی سطح پر لابنگ کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔اے پی ایم ایل کے راہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے خلاف طاقت استعمال کررہا ہے جو قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

اسلحہ اور بارود سے کبھی کسی کے دل نہیں جیتے جاسکتے۔کشمیری قوم نے آزادی کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں جو کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

بھارت کا کشمیر پر قبضے کا شوق اسے ناکوں چنے چبواکر بھی کبھی پورا نہیں ہوگا۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی عسکریت پسندی پر تشویش ہے۔اس عمل کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ بین الاقوامی برادری کشمیر میں بھارتی جارحیت پر خاموش بیٹھی ہے۔حکومت پاکستان کو چاہئیے کہ فوراً وزیرخارجہ مقرر کرے اور مسئلہ کشمیر،کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لئے بین الاقوامی سطح پر موثر لابنگ کرے تا کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت مل سکے۔