بلوچستان نیشنل پارٹی پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر میں ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں کی ہرگز مخالف نہیں،بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کی ”اے پی پی “ سے گفتگو

پیر 11 جولائی 2016 16:06

کوئٹہ ۔11جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 جولائی۔2016ء) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سردار اختر جان مینگل نے گوادر پورٹ کے اختیارات بلوچستان کو دینے گوادر میں مقامی نوجوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کیلئے ٹیکنیکل کالجز اور ٹریننگ سینٹر اور میرین یونیورسٹی کے قیام ، ماہی گیروں کے مسائل کے حل، گوادر کے شہریوں کو صاف پانی انفراسٹرکچر اور بلاتعطل برقی ترسیل کے فراہمی اور گوادر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مقامی لوگوں کے شراکت داری کو یقینی بنانے جیسے مطالبات کرتے ہوئے منگل 12جولائی کو اسلام آباد میں پاکستان بھر کے صحافیوں ، دانشوروں ، وکلاء برادری اور ادیبوں کو اعتماد میں لینے کیلئے ایک روزہ سیمینار منعقد کرانے کا فیصلہ کیاہے ۔

(جاری ہے)

یہ بات بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے پیر کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ بی این پی مینگل ایک پرامن سیاسی و جمہوری جماعت ہے ہم پارلیمنٹ اور جمہوریت پر مکمل یقین رکھتے ہیں اس لیئے بلوچستان نیشنل پارٹی پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر میں ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں کی ہرگز مخالف نہیں مگر ان منصوبوں میں مقامی لوگوں کو ترجیح دیتے ہوئے مکران ڈویژن کے عوام کو تمام میگا پروجیکٹس میں شریک کیا جائے انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی مرکزی شہر گوادر کے شہریوں کی غربت و پسماندگی کو دور کرنے کیلئے انہیں مفت تعلیم ، صحت کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ٹیکسز اور یوٹیلٹی بلز کی مد میں چھوٹ دینے کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے ۔

سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس کے قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے مغربی روٹ کو پہلے مکمل کیا جائے اور خیبر پختونخوا ، پنجاب اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کے عوام کو اقتصادی راہداری منصوبے کے تمام اجزا سے مستفید کیا جائے۔