وفاقی وزیر امورکشمیر کا دورہ پمز ہسپتال ‘حویلی فائرنگ کے زخمی مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری محمد عزیز کی عیادت

پیر 11 جولائی 2016 15:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے آج پمز ہسپتال میں زیر علاج ایل اے 17 آزادکشمیر(حویلی کہوٹہ) سے مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے نامزد اُمیدوار چوہدری محمد عزیز کی عیادت کی جو حویلی کہوٹہ آزادکشمیر میں فائرنگ کے واقعے میں شدید زخمی ہو گئے تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر کو ڈاکٹروں نے بتایا کہ چوہدری محمد عزیز تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور اُن کی صحت سے متعلق ہر قسم کا خیال رکھا جارہا ہے ۔ وفاقی وزیر نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ چوہدری عزیز کے علاج میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور تمام تر وسائل بروئے کار لائیں ۔وفاقی وزیر نے چوہدری عزیز کی ہمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ آزادکشمیر کے ایک باہمت ممتاز اور عوام دوست رہنما ہیں اور آزادکشمیر کے عوام ان سے بے حد پیار کرتے ہیں ، اُن کی ہمت اور جذبے کے اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف کے نام خصوصی پیغام میں یہ کہا ہے کہ حالات کیسے ہی کیوں نہ ہوں اور سیاسی مخالفین کی پرُ تشدد کاروائیوں اور غنڈہ گردی کے باوجود وہ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے انتہائی پرُ عزم ہیں تاکہ آزادکشمیر میں جاری بدعنوان اورکرپٹ حکومت سے عوام کو آزاد کروایا جا سکے،اور یہ کہ وہ صحت یاب ہونے کے بعد وہ آزادکشمیر کی عوام کی خدمت کے لیے اور بھی زیادہ جوش و جذبے سے کام کریں گے اور سیاسی مخالفین جو کہ اپنی ہار کو دیکھتے ہوئے غنڈہ گردی اور پرُ تشد د کاروائیوں پر اتر آئیں ہیں اُن کے ان مذموم ارادوں کو بھی شکست دیں گے۔

(جاری ہے)

بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 21 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی کو اپنی شکست واضح دکھائی دے رہی ہے اور اقتدار کی ہوس اور نشے میں آکر انہوں نے تشدد کا راستہ اختیار کر لیا ہے جوکہ آزادکشمیر کی سیاست کے لیے کسی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ کسی بھی پرُتشدد کاروائی، دہشت گردی اور غنڈہ گردی کی آڑ میں کسی حلقے کا انتخاب ملتوی ہونے نہیں دیا جائے گا اور مسلم لیگ (ن) اپنے پورے جوش وجذبے سے انتخابات میں حصہ لے گی۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات فوج کی نگرانی میں ہوں گے اور عوام ان میں بھر پور شرکت کریں گے۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) پرامن،بہادر اور عوام دوست ورکرز کی جماعت ہے اور بندوق اورگولی کی بجائے صرف اور صرف ووٹ کی طاقت پر یقین رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پانچ کارکن شہید ہونے کے باوجود ہماری جماعت پرُامن ہے اور ورکرز کو بھی پرُ امن رہنے کی تلقین کی ہے ۔

انہوں نے ایک بار پھر آزادحکومت کی انتظامیہ کو تنبہہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ چوہدری مجید اور اُن کے وزراء کے حصار سے باہر نکلیں اور ان پرتشدد واقعات میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتارکریں چاہئے وہ سیاسی طورپر کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرامن ،صاف وشفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی عوام کے حوصلے بلند ہیں وہ الیکشن میں بھر پور حصہ لیں گے اورمسلم لیگ(ن) انشاء اللہ دوتہائی اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

متعلقہ عنوان :