جماعت اسلامی نے مرکزی نظم جماعت میں بڑے پیمانے پرتبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کرلیا

پیر 11 جولائی 2016 15:15

ملتان( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی ۔2016ء) جماعت اسلامی نے مرکزی نظم جماعت میں بڑے پیمانے پرتبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔لیاقت بلوچ کی جگہ امیر العظیم کو جماعت اسلامی کا مرکزی سیکرٹری جنرل مقرر کیے جانے کا اعلان جلد متوقع ہے۔لیاقت بلوچ کو ملی یکجہتی کونسل کی سربراہی دی جائے گی۔جماعت اسلامی کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کی قیادت 2018کے الیکشن سے قبل یوتھ کو آگے آنے کے مواقع دینا چاہتی ہے۔

جماعت کے اہم ذمہ دار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ جماعت اسلامی نے مرکزی نظم جماعت میں تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔امیرجماعت سراج الحق کی مصروفیت کی بناء پر اس کا اعلان جماعت اسلامی کے کرپشن کیخلاف پیدل مارچ کے بعد متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ لیاقت بلوچ کی جگہ امیرالعظیم کو جماعت اسلامی کا مرکزی جنرل سیکرٹری اور قیصر شریف کو جماعت اسلامی کا مرکزی سیکرٹری اطلاعات مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

امیر العظیم تاحال جماعت میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ،اس سے قبل وہ بطوراسلامی جمعیت طلباء کے ناظم اعلیٰ اور امیرجماعت اسلامی لاہور کی ذمہ داریاں بھی سرانجام دے چکے ہیں۔ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ لیاقت بلوچ کو ملی یکجہتی کونسل کی سربراہی دی جائے گی۔فرقہ واریت کیخلاف اور مذہبی ہم آہنگی کیلئے قائم مذہبی جماعتوں کا مشترکہ پلیٹ فارم ملی یکجہتی کونسل ایک عرصے سے غیرفعال ہے۔

لیاقت بلوچ اس پلیٹ فارم کے ذریعے دینی جماعتوں کو اکٹھا کریں گے۔دوسری طرف جماعت اسلامی کے اہم ذمہ دار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ جماعت اسلامی سے وابستہ یوتھ میں ایک عرصہ سے بے چینی پائی جاتی تھی ۔جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت نے 2018کے عام انتخابات سے قبل یوتھ کوآگے لانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ جماعت اسلامی سے وابستہ یوتھ طبقہ آئندہ انتخابات میں فیصلہ کن کردار ادا کرسکے۔جماعت اسلامی کے مرکزی نظم میں حالیہ تبدیلیوں کا فیصلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

متعلقہ عنوان :