کراچی کے علاقے سندھی مسلم سوسائٹی میں کار پر مبینہ طور پر پولیس کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ‘ دوسرا زخمی

واقعہ کو ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی ذاتی چپقلش قرار دے دیا گیا

پیر 11 جولائی 2016 14:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) کراچی کے علاقے سندھی مسلم سوسائٹی میں کار پر مبینہ طور پر پولیس کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ابرار کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے جس کے مطابق ابرار کو 3 گولیاں لگیں،ایک گولی سر پر لگی اور 2 گولیاں جسم کے آر پار ہو گئیں ‘ اسلحہ سرکاری تھا یا نہیں ؟ فارنزک رپورٹ آنے کے بعد ہی پتا چل سکے گا۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین نے بتایا کہ جاں بحق نوجوان ابرار اور زخمی دلنواز موبائل فون کا سودا کرر ہے تھے۔ دلنواز نے پیسے لے کر فون دیئے بغیر گاڑی بھگا ئی توابرار کار پر لٹک گیا ۔اسی دوران پولیس کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔علاقہ پولیس فائرنگ کرنے والے اہلکاروں سے لا علم ہے، واقعہ کو ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی ذاتی چپقلش قرار دے دیا گیا۔ایس ایچ او تھانہ فیروز آباد کینسن ڈین کے مطابق پولیس موبائل سے کار پر فائرنگ کی گئی جس سے ابرار حسین نامی نوجوان ہلاک ‘ دلنواز نامی شخص زخمی ہو گیا تاہم ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ وہ فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کو نہیں جانتے۔