نوشہرو فیروز‘ نصرت کینال میں 50 فٹ چوڑا شگاف، 20 دیہات زیر آب

پیر 11 جولائی 2016 13:54

نوشہرو فیروز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی۔2016ء)نوشہرو فیروز میں نصرت کینال میں پچاس فٹ چوڑا شگاف پڑگیا۔ جس کے باعث بیس دیہات زیر آب آگئے۔ دریائے سندھ میں تونسہ بیراج سکھر اور گڈو بیراج کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب کئی ایکڑ پر کھڑی فصلیں اور دیہات زیرآب۔ متاثرہ افراد تاحال حکومتی امداد اور اقدامات کے منتظر۔نوشہروفیروز کے قریب نصرت کینال کو صبح چھ بجے پڑنے والا شگاف اب تک پرنہیں کیا جاسکا۔

شگاف کی وجہ سے سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں اور بیس دیہات زیرآب آگئے ہیں۔ اطلاع کے باوجود محکمہ آب پاشی کا عملہ نہیں پہنچ سکا جس کی وجہ سے علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت شگاف پرکرنے میں مصروف ہیں۔دریائے کابل میں پشتون گڑی، کیم کورون اور نوشہرہ کلاں کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے بارشوں سے پانی کی سطح مزید بلند ہونے سے ملحقہ آبادیاں زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

کوٹ ادو میں تونسہ بیراج کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ پانی کی آمد تین لاکھ گیارہ اور اخراج دو لاکھ پچاسی کیوسک ہے۔لیہ کے قریب دریائے سندھ میں نالہ لالا کریک میں پڑنے والے شگاف کو تین دن بعد پرکرلیا گیا۔ چالیس فٹ چوڑے شگاف کی وجہ سے چھ بستیاں اور کئی ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔سکھر اور گڈو بیراج میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ سکھر بیراج میں پانی کی آمد دو لاکھ تئیس ہزار اور اخراج ایک لاکھ اڑتیس ہزار کیوسک ہے جبکہ گڈو بیراج میں پانی کی آمد میں تین لاکھ پچیس ہزار اور اخراج دو لاکھ ستائیس ہزار کیوسک ہے۔ پنوعاقل کے قریب تین دیہات زیر آب آگئے اور کئی ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ متاثرہ افراد تاحال حکومتی امداد اور اقدامات کے منتظر ہیں۔