میگا کرپشن کیس‘ مشتاق رئیسانی مزید 15 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

پیر 11 جولائی 2016 13:53

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی۔2016ء) کوئٹہ کی احتساب عدالت نے کرپشن کیس میں ملوث سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اورخالق آباد کے سابق اکاؤنٹنٹ ندیم اقبال کو مزید 15روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق میگا کرپشن کیس میں ملوث سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اورخالق آباد کے سابق اکاونٹنٹ ندیم اقبال کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وکیل مشتاق رئیسانی کامران مرتضی نے عدالت میں کہا کہ میرے موکل کو بغیر کسی پیشرفت کے ریمانڈ پر ریمانڈ دیا جارہا ہے۔ میرے موکل کو دھمکیاں دی جارہی ہیں اور ناروا سلوک کیا جارہا ہے۔ قانون کے دائرے میں رہ کر تفتیش کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ اس موقع پر وکیل نیب راشد زیب نے کہا کہ مشتاق رئیسانی سے مزید تفتیش کی ضرورت اس لئے ہے کہ انھوں نے مزید کچھ لوگوں کے نام بتائے ہیں جن کے بارے میں ان سے تفتیش کرنی ہے۔عدالت نے سابق سیکریٹری مشتاق رئیسانی اور خالق آباد کے سابق اکاونٹنٹ ندیم اقبال کو بھی پندرہ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ عدالت نے مزید سماعت پچیس جولائی تک ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :