عامر برطانوی میڈیا کے ’حملے‘ جھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے،نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے سکول کرکٹ کو فروغ دینا ہوگا:شاہد آفریدی

Fahad Shabbir فہد شبیر پیر 11 جولائی 2016 08:37

عامر برطانوی میڈیا کے ’حملے‘ جھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے،نیا ٹیلنٹ ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11جولائی۔2016ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ محمد عامر برطانوی میڈیا کی جانب سے خود پر ہونے والے ”حملے“ جھیلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے،نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لیے سکول کرکٹ کو فروغ دینا ہوگا ۔ بی بی سی اُردو سے گفتگو کرتے ہوئے بو م بو م آفریدی کا کہنا تھا کہ محمد عامر کم عمر ضرور ہے لیکن دماغی طور پر بہت مضبوط ہے ،اسے علم ہے کہ اتنے عرصے بعد جب وہ انگلینڈ میں آکر کھیلے گا تو یہاں کا میڈیا اس کے ساتھ کیا سلوک کرے گا، ان کے خیال میں وہ اس طرح کے رویوں کیلئے تیار ہے،انہوں نے اس کے ساتھ جتنا کھیلا ہے اس کو دیکھتے ہوئے وہ یہ کہ سکتے ہیں کہ نوجوان فاسٹ باؤلر برطانوی میڈیا کے پریشر کو جھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں سابق کپتان کا کہنا تھا کہ وہ اب صرف ٹی ٹونٹی کرکٹ کے شیر ہیں،فی الحال ون ڈے کرکٹ میں دوبارہ واپسی کاکوئی ارادہ نہیں ہے،انہوں نے ابھی تک اگلے 5سال کے لیے کوئی بڑا منصوبہ نہیں بنایا ،وہ ہر دن انجوائے کرتے ہیں ۔قومی ون ڈے او ر ٹی ٹونٹی ٹیم کی گرتی ہوئی رینکنگ کے حوالے سے سوال پر شاہدآفریدی کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں سکول لیول کی کرکٹ ختم ہورہی ہے جہاں سے لڑکے نکل کر آتے ہیں،اب سکول بزنس بن گئے ہیں تاہم ہم سب وہیں سے آئے ہیں،اگر سکول میں سہولیات نہیں ملیں گی تو لڑکے کہاں جائیں گے، کرکٹ بہت تبدیل ہوچکی ہے،ہمیں لاہور کے علاوہ دیگر بڑے شہروں میں بھی کرکٹ اکیڈمیز درکار ہیں۔

آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ابھی وہ اگلے ڈیڑھ سے دو سال کرکٹ کھیلنا چاہتا ہیں،چاہے وہ پاکستان کے لیے ہو یا دنیا بھر میں لیگ کرکٹ ہو ، وہ اپنی فاؤنڈیشن کو چلانے کے ساتھ کوڑا کرکٹ اٹھانے والوں کے لیے سکول بنانے کاپلان بھی بنا رہے ہیں۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کی طرح سیاست میں آنے کے حوالے سے سوال پر”لالہ“کاکہنا تھا کہ دل تو چاہتا ہے تاہم بڑے بوڑھے منع کررہے ہیں کہ سیاست میں بہت جھوٹ بولنا پڑتا ہے اس لیے تم جیسو ں کی وہاں جگہ نہیں۔

اپنے فیورٹ کھلاڑی کے بارے میں سوال پر آفریدی کا کہنا تھا کہ انضمام الحق ،مارک وا،برائن لارا اور گلین میکراتھ کے ساتھ کھیلنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ فیورٹ اداکار کے بارے میں سوال پر آفریدی کا کہنا تھا کہ انہیں دلیپ کمار پسندہیں تاہم شاہ رخ کی بھی کئی فلمیں دیکھی ہیں۔آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کھیلتے رہیں گے چاہے پشاور زلمی کے لیے کھیلیں یا کسی اور فرنچائز کے لیے۔

متعلقہ عنوان :