حکومت کے خلاف تحریک میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی، اپوزیشن اور پیپلز پارٹی تحریک کے حوالے سے جو فیصلہ کریں گی وہ سب کے لئے قابل قبول ہو گا ،سعودی عرب سے ہمارا روحانی رشتہ ہے، ہم سعودی عرب میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نمازعید کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعہ 8 جولائی 2016 21:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8جولائی۔2016ء) سابق وزیراعظم سید یو سف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی البتہ اپوزیشن اور پیپلز پارٹی تحریک کے حوالے سے جو فیصلہ کریں گی وہ سب کے لئے قابل قبول ہو گا۔ سعودی عرب سے ہمارا روحانی رشتہ ہے ہم سعودی عرب میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور نہ صرف پاکستانیوں بلکہ امت مسلمہ کے سعودی عرب دل کے قریب ہے عید کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

عید کے موقع پر ہمیں غریب لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے ۔ وہ دربار عالیہ حضرت موسی پاک شہید  بیرون پاک گیٹ میں نماز عید الفطر کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارٹی رہنما سید احمد مجتبی گیلانی ،ڈاکٹر جاوید صدیقی بھی ہمراہ تھے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم سعودی عرب میں شہید ہو نے والوں کے غم میں برابر کی شریک ہے جہاں تک ہمارے ملک کا تعلق ہے تو انٹیلی جنس اور سیکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ رہنا چاہیے تاکہ پاکستان میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہ آئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں میاں نواز شریف کی صحت کے بارے میں زیادہ نہیں جانتا تاہم ڈاکٹرز اگر انہیں اجازت دیں گے تو وہ وطن واپس آئیں گے۔

جب ان سے اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے بارے میں سوال کیا گیا تو یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی البتہ اپوزیشن اور پیپلز پارٹی تحریک کے حوالے سے جو فیصلہ کریں گی وہ سب کے لئے قابل قبول ہو گا ۔