وزیر اعظم کو وطن لانے کے لیے پی آئی اے کا طیارہ آپریشن سے الگ کردیا گیا

پی آئی اے کے خصوصی طیارے میں جراثیم فری ماحول کے علاوہ خصوصی نشستیں بھی لگائی جا رہی ہیں،وزیر اعظم کے لئے خصوصی انتطامات کرنے پر قومی ادارے کو کم از کم 30 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا

جمعہ 8 جولائی 2016 17:15

اسلا م آ با د (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) قومی ایئر لائن نے حکومت کی ہدایت پر وزیر اعظم نواز شریف کو لندن سے وطن واپس لانے کے لیے بوئنگ 777 طیارہ فلائٹ آپریشن سے الگ کردیا ہے جس سے قومی ادارے کو کم از کم 30 کروڑ روپے نقصان پہنچے گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف آ ج ہفتہ کو لندن سے وطن واپس روانہ ہوں گے، ان کے ہمراہ اہل خانہ کے علاوہ قریبی وزیر و مشیر اور ارکان پارلیمنٹ بھی ہوں گے۔

اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے پی آئی اے کو خصوصی انتطامات کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔حکومتی ہدایات پر پی آئی اے نے وزیر اعظم کو لندن سے وطن واپس لانے کے لیے خصوصی طور پر بوئنگ 777 طیارے کو فلائٹ آپریشن سے الگ کردیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے ساتھیوں و گھر والوں کو وطن واپس لانے کے لئے طیارے میں خصوصی نشستیں لگائی جارہی ہیں اور اسے جراثیم سے پاک بنانے کے لیے ادویات کا چھڑکاوٴ جاری ہے۔

(جاری ہے)

بوئنگ 777 طیارے کو لندن روانہ کیا جائے گا ور اس میں پائلٹ اور دیگر عملے کے علاوہ کوئی سفر نہیں کرے گا۔بوئنگ 777 کو فلائٹ آپریشن سے الگ کرنے اور اس میں وزیر اعظم کے لئے خصوصی انتطامات کرنے پر قومی ادارے کو کم از کم 30 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا ، اس کے علاوہ اس سے امریکا ، ٹورنٹو ، پیرس اور مدینہ منورہ کی پروازوں میں بھی 18 گھنٹے تک تاخیرہوسکتی ہے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اپنے علاج کے لیے گزشتہ کئی ہفتوں سے لندن میں مقیم ہیں اور وہ ہفتے کے روز وطن واپس آرہے ہیں۔۔

متعلقہ عنوان :