لاہوریوں کی ریسکیو 1122کو 6ہزار رانگ کالز، بریانی بنانے کے طریقے پوچھتے رہے

جمعہ 8 جولائی 2016 15:49

لاہوریوں کی ریسکیو 1122کو 6ہزار رانگ کالز، بریانی بنانے کے طریقے پوچھتے ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) عید پرلاہوریوں کی ریسکیو 1122کو 6ہزار رانگ کالز، بریانی بنانے کے طریقے پوچھتے رہے۔تفصیلات کے مطابق کسی بھی ملک میں ایمرجنسی سروسز ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کیلئے قائم کی جاتی ہیں اور ان سروسز کے فون نمبرز بھی صرف انتہائی ضرورت کے وقت استعمال کیے جاتے ہیں لیکن پاکستان میں اکثر لوگوں کو اس بات کی تمیز نہیں ہے کہ اگر ایمرجنسی نمبرز پر غیر ضروری فون کیے جائیں گے تو نمبر مصروف ہونے کی وجہ سے کسی ضرورتمند کا نقصان ہوسکتا ہے ۔

ریسکیو 1122بھی ایک ایمرجنسی کا ادارہ ہے جو حادثات میں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے کا کام انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کرتا ہے لیکن پنجاب میں قائم اس ایمرجنسی ادارے کو کچھ ناسمجھ لوگ صرف مذاق کیلئے غلط فون کالز کردیتے ہیں جس کی وجہ سے بہت سی پیچیدگوں کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

عید کے موقع پر لاہور کے شہریوں نے حد کردی اور ریسکیو 1122کو فون کرکے عید کی مبارکبادیں دیتے رہے جبکہ متعدد لوگ بریانی پکانے کے طریقے جاننے کی کوشش میں بھی مصروف رہے۔

ڈی جی ریسکیو کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور میں ریسکیو 1122کو 6806کالز موصول ہوئیں جن میں سے 6000رانگ کالز تھیں جن کی وجہ سے ریسکیو رز کا بہت سا قیمتی وقت ضائع ہوا۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ ایسے اہم مواقع پر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ۔