عدلیہ بحالی لانگ مارچ میں نوازشریف ملک ریاض کی بلٹ پروف گاڑی استعمال کرتے رہے ‘سینیٹر بیرسٹر اعتزاز احسن

جمعہ 8 جولائی 2016 14:55

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) پیپلزپارٹی کے سینیٹر بیرسٹر اعتزاز احسن نے انکشاف کیاہے کہ عدلیہ بحالی لانگ مارچ کے دوران نوازشریف بحریہ ٹا ؤن کے ملک ریاض کی بلٹ پروف گاڑی استعمال کرتے رہے اور میں خود بھی کامونکے کے قریب اس گاڑی میں بیٹھا رہا ۔ اپنے ایک انٹر ویو میں اعتزاز احسن نے کہا کہ 16مارچ 2009کو وہ عدلیہ بحالی تحریک کے سلسلے میں نظربندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گھر سے نکلے اور وکلاکا جلوس لے کر اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگئے ،توقع تھی کہ نوازشریف بھی جلوس کے ہمراہ آئیں گے لیکن وہ شاہدرہ سٹاپ پرآکر رک گئے ، وکلاکی گاڑیاں ایک طرف کرکے رک گئے اور نوازشریف کیلئے راستہ کلیئرکرایا، مسلم لیگ ن کا قافلہ پہنچاتو نوازشریف نے کہاکہ ایک ہی گاڑی میں بیٹھ جائیں ، کہتے ہیں توآپ کی گاڑی میں بیٹھ جاتے ہیں یا پھراسی گاڑی میں آپ بھی آجائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس پیشکش پر میاں نوازشریف کوکہاکہ آپ کی ہی گاڑی میں بیٹھ جاتے ہیں ، تمہاری گاڑی بلٹ پروف اور بم پروف گاڑی ہے جس کے بارے میں بعد میں پتہ چلاتھاکہ وہ گاڑی ملک ریاض کی دی ہوئی تھی ، گاڑی میں بیٹھ کر گھر فون کیا کہ محفوظ گاڑی میں بیٹھ گیا ہوں ، ٹیلی فون بند ہوتے ہی نوازشریف نے پوچھا کسے بتارہے ہو؟میں نے بتایاکہ بشری کو کال کی ہے ، وہ بہت فکر مندتھی ۔سینیٹر اعتزازاحسن نے کہاکہ اب جب بھی حکومت پریشان ہوتی ہے تو باتیں بھی سننے کو ملیں کہ عدلیہ بحالی تحریک میں اعتزازاحسن ایک پٹرول پمپ پر کھڑے تھے اور ہم نے اپنی گاڑی میں بٹھا لیا وغیرہ وغیرہ ۔