فیصلہ کن عوامی تحریک سے عوامی راج کا راستہ کھلے گا‘سانحہ ماڈل ٹاؤن ، پانامہ لیکس قاتل اور کرپٹ حکمرانوں کے گلے کا پھندا ہیں‘ملک بچانے ،لٹیرے بھگانے کیلئے فائنل راؤنڈ شروع ہونے والا ہے،عوام تیار رہیں

سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کی کی شیخ رشید سے ملاقات ‘سعودی عرب میں دہشتگردی کی مذمت

جمعہ 8 جولائی 2016 14:52

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ فیصلہ کن عوامی تحریک سے عوامی راج کا راستہ کھلے گا۔ ملک بچانے اور لٹیرے بھگانے کیلئے فائنل راؤنڈ شروع ہونے والا ہے، عوام تیار رہیں۔سانحہ ماڈل ٹاؤن اور پانامہ لیکس قاتل اور کرپٹ حکمرانوں کے گلے کا پھندا ہیں۔حکمران قدرت کی گرفت سے اس بار کسی صورت نہیں بچ پائیں گے۔

سربراہ عوامی تحریک سے گزشتہ روز ان کی رہائش گاہ پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ملاقات کی اور رات کا کھانا ان کے ہمراہ کھایا۔دونوں رہنماؤں نے ملکی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ 20 کروڑ عوام کو یرغمال بنانے اور قومی خزانہ بے دردی سے لوٹنے والے اور بے گناہ شہریوں کو قتل کرنے والے چند درجن لٹیروں کا انجام قریب ہے ۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام حکمرانوں سے نجات کے موڈ میں ہیں۔اس بار ایسی تحریک چلے گی کہ ملکی خزانہ لوٹنے والوں کو کہیں سرچھپانے کی جگہ نہیں ملے گی اور یہ اپنے باقی ماندہ کرتوتوں کے ساتھ بے نقاب ہونگے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران جتنا عرصہ مسلط رہیں گے ملک دلدل میں اترتا رہے گا۔دریں اثناء ڈاکٹر طاہر القادری نے نماز عید جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں ادا کی۔

نمازعید کے بعد سربراہ عوامی تحریک نے کارکنان اور نمازیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور انکی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر کارکنوں اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سربراہ عوامی تحریک نے سعودی عرب میں دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ برادر اسلامی ملک کے ساتھ پاکستان کے عوام عقیدت اور احترام کا رشتہ ہے۔مقدس سرزمین پر دہشتگردوں کو خون کی ہولی نہیں کھیلنے دینگے اور اس حوالے سے ہماری ہر طرح کی مدد اور تعاون سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد ہمارے بچوں ،خواتین، جوانوں، بزرگوں کو قتل کرتے کرتے اب ہمارے مقدس شہروں اور مقامات تک آ گئے ہیں۔ دہشتگرد تنظیموں، گروپوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ کا وقت آگیا۔ سربراہ عوامی تحریک نے محاذ جنگ پر نماز عید ادا کرنے والے آپریشن ضرب عضب کے جوانوں ،افسروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج کی امن کیلئے قربانیاں رنگ لائیں گی۔