صدر اور وزیراعظم کاچین میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے قیمتی جانی و مالی نقصان پر دلی دکھ اورافسوس کا اظہار

یقین ہے قابل قیادت کی سرپرستی میں چین کے بہادر عوام جرات اورحوصلے سے تباہی پر قابو پالیں گے پیغامات

جمعہ 8 جولائی 2016 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) صدرمملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے جنوبی چین میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے قیمتی جانی و مالی نقصان پر دلی دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ یقین ہے قابل قیادت کی سرپرستی میں چین کے بہادر عوام جرات اورحوصلے سے تباہی پر قابو پالیں گے۔اپنے چینی ہم منصبوں کے نام الگ الگ پیغامات میں صدر اور وزیراعظم نے چینی قیادت سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کے نام اپنے پیغام میں جنوبی چین میں شدید سیلاب اور بارشوں کے باعث قیمتی جانی و مالی نقصان پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں میں چینی برادر عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ان کے دکھ میں برابرکے شریک ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ قابل قیادت کی سرپرستی میں چین کے بہادر عوام جرات اورحوصلے سے اس تباہی پر قابو پالیں گے ۔صدر ممنون حسین نے چینی صدر شی جن پنگ کے نام اپنے پیغام میں جنوبی چین میں شدید سیلاب اور طوفانی بارشوں کے باعث قیمتی جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے پاکستان کی حکومت، عوام اور اپنی جانب سے متاثرہ خاندانوں اور لوگوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے چینی بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔