جماعت اسلامی کا24 جولائی کو راولپنڈی میں پیدل مارچ کا اعلان

اشرافیہ قوم کا پیسہ بیرون ملک منتقل کررہی ہے‘او آئی سی مردہ گھوڑا ہے ‘مدینہ میں ہونے والے بم دھماکا کی مذمت کرتے ہیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی عمرہ ادائیگی کے بعد وطن واپسی پر میڈیا سے بات چیت

جمعہ 8 جولائی 2016 13:11

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اشرافیہ قوم کا پیسہ بیرون ملک منتقل کررہی ہے، کرپشن کے خلاف 24جولائی کو راولپنڈی میں پیدل مارچ کریں گے، جبکہ مدینہ میں ہونے والے بم دھماکا کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے او آئی سی کو مردہ گھوڑا قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

عمرہ کی ادائیگی کے بعد لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ کرپٹ قیادت کے خاتمے کیلئے ٹرین مارچ بھی کیا، اب کرپشن کے خلاف کاررواں بن گیا ہے۔

انکا کہنا ہے کہ اگر مسلم لیگ نون،پیپلزپارٹی اور پرویز مشرف کی حکومت کا آڈٹ کرایا جائے توتمام مسائل حل ہو جائیں گے اور ملک سے کرپشن کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔ادھر سعودی عرب میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کے حکمرانوں کو دہشتگردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنانا ہوگا، کیونکہ دشمنوں نے عالم اسلام پر جنگ مسلط کردی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ میں دھاکا کرنا ہر مسلمان کے دل میں تیر داخل کرنے کے مترادف ہے۔