کراچی‘ منگھوپیر میں پولیس مقابلہ‘ کالعدم تحریک طالبان سوات گروپ کے 2 دہشت گرد ہلاک

جمعہ 8 جولائی 2016 11:56

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) منگھوپیر میں ناردرن بائی پاس کے نزدیک پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان سوات گروپ کے دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ مقابلہ میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا ہے۔ ہلاک دہشتگرد رینجرز، پولیس اور سیاسی کارکناں کے قتل میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق منگھوپیر ناردرن بائی پاس کے قریب قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، مقابلے میں دو دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سوات گروپ سے ہے جن کے قبضے سے بارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا ہے، جبکہ ہلاک دہشتگردوں میں سے ایک کی شناخت رحمت اللہ کے نام سے ہوگئی۔ دہشتگرد رینجرز، پولیس اور سیاسی کارکناں کے قتل میں ملوث تھے۔ جبکہ ہلاک دہشتگرد بھتہ نہ دینے پر آٹھ کریکر اور دستی بم حملے بھی کرچکے تھے۔