پاک سرزمین افغانستان کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ‘ہمیں امید ہے کہ افغانستان بھی اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیگا‘ پاک فوج نے دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کا عزم کررکھا ہے ‘قیام امن کیلئے بڑی قیمت ادا کی ہے

چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کا دورہ شوال اور دتہ خیل میں جوانوں کے ساتھ عید کی ادائیگی کے بعد خطاب

جمعہ 8 جولائی 2016 11:53

راولپنڈی/شوال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ہمیں امید ہے کہ افغانستان بھی اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لئے استعمال نہیں ہونے دے گا‘ پاک فوج نے دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کا عزم کررکھا ہے اور قیام امن کے لئے بڑی قیمت ادا کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات عید الفطر کے روز شوال اور دتہ خیل میں جوانوں کے ساتھ عید کی ادائیگی کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین افغانستان کے خلاف کسی کو استعمال نہیں کرنے دے گا اور ہمیں توقع ہے کہ افغان سرزمین بھی پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔

(جاری ہے)

دیریا امن کے لئے بارڈر مینجمنٹ اور افغان مہاجرین کی باعزت واپسی بہت ضروری ہے۔

جنرل راحیل شریف نے عید کا دن شمالی وزیرستان میں گزار اور ماضی میں دہشت گردوں کا گڑھ رہنے والی وادی شوال میں تعینات فوجی دستوں کے ساتھ نماز عید بھی ادا کی۔ آرمی چیف نے شوال اور دتہ خیل میں موجود اگلے مورچوں پر لڑنے والے فوجی دستوں کے جذبے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کے لئے جوانوں کا عزم قابل تحسین ہے اور پوری قوم اور پاک فوج نے دہشت گردوں کے خاتمے اور قیام امن کے لئے بڑی قیمت ادا کی ہ ے۔

ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا آج فاٹا دہشت گردوں سے پاک ہوچکا ہے۔ ملک بھر میں دہشت گردوں کا پیچھا کیا جارہا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ثمرات ضائع نہیں ہونے دیئے جائیں گے اور ہرگز دہشت گردوں کو واپس نہیں آنے دیا جائے گا اور تمام دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاک افغان سرحد پر امن و استحکام کے لئے تمام تر کوششیں کریں گے پاکستان افغان مفاہمتی عمل کے لئے مخلص اور پرعزم ہے اور بارڈر مینجمنٹ بھی ضروری ہے۔ (ن غ)