آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے پاکستانی سرزمین ہمسایہ ممالک کے خلاف استعمال نہ ہونے کے بیان کا خیر مقدم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 7 جولائی 2016 17:29

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے پاکستانی سرزمین ہمسایہ ممالک کے ..

واشنگٹن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔7جولائی۔2016ء) امریکا نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے پاکستانی سرزمین ہمسایہ ممالک کے خلاف استعمال نہ ہونے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے پاکستان حکومت اس پر عمل کرے گی۔سینئر وائٹ ہاﺅس عہدیداوں کا کہناہے کہ آرمی چیف راحیل شریف کا بیان اہمیت کا حامل ہے دیکھنا ہے کہ پاکستان اس پر کس طرح عمل پیرا ہوتا ہے۔

اوباما انتظامیہ کے سینئر عہدیداروں نے پریس بریفنگ میں کہاکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بیان سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کی سرزمین کو ہمسایا ممالک پر حملے کے لیے استعمال نہیں ہونی دی جائے گی۔تاہم راحیل شریف کی جانب سے دیا گیا بیان اسی لیے اہمیت کا حامل ہے کہ انہوں نے آج قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس ایجنسیوں ، فوجی اسٹیبلشمنٹ سے واضح طور پر کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پاکستان کی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان اس پر کس طرح عمل پیرا ہوتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں سینئر عہدیدار نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا مسئلہ نیا نہیں ہے۔ تاہم گزشتہ برسوں میں ہم نے دیکھا ہے کہ پاکستان نے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کی اور اس جنگ میں کافی جانی نقصان بھی اٹھایا ہے۔تاہم اس کے باوجود پاکستان میں انتہاپسند گروپوں کی موجودگی بھی برقرار ہے۔

اس مسئلے کو ہم پاکستان حکومت کے ساتھ مسلسل اٹھاتے رہے ہیں اور اپنے تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔پاکستان نے طالبان، حقانی نیٹ ورک ، القاعدہ اور دیگر گروپوں کے خلاف کارروائی میں ہم سے یقیناً تعاون کیا ہے اور ان گروپوں کے خلاف کافی اقدامات اٹھائے ہیں۔ تاہم پاکستان کو اس سلسلے میں دباﺅ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ پاکستان کے اپنے سیکورٹی مفادات میں ہے۔اس کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کام کرے ،امریکا سمجھتا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کو پاکستان کی لازمی حمایت حاصل ہونی چاہئے۔