سکھر سول اسپتال کاٹرانسفارمر چوبیس گھنٹے سے خراب،بجلی کی عدم فراہمی کے باعث کئی مریضوں کی حالت غیر ہوگئی

منگل 5 جولائی 2016 21:50

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جولائی ۔2016ء) سکھر سول اسپتال کاٹرانسفارمر چوبیس گھنٹے سے خراب،بجلی کی عدم فراہمی کے باعث کئی مریضوں کی حالت غیر ہوگئی،مریضوں کے ورثاء اورعملے کا احتجاجی مظاہرہ ونعرے بازی بجلی کی فراہمی کا مطالبہ ، تفصیلات کے مطابق سکھر کے سول اسپتال کا گذشتہ چوبیس گھنٹے سے ٹرانسفارمر خراب پڑا ہے جس کی وجہ سے پورے اسپتال میں بجلی کی سپلائی معطل ہے اور بجلی نہ ہونے اور گرمی کی وجہ سے اسپتال میں داخل کئی مریضوں کی حالت غیر ہوگئی ہے جس پر مریضوں کے ورثاء مشتعل ہو گئے اور انہوں نے اسپتال کے عملے کے ہمراہ اسپتال کے مین گیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ سیپکو حکام کو ٹرانسفارمر خراب ہونے کے بارے میں اطلاع دی ہے مگر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ہے بجلی نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کی حالت غیر ہوگئی ہے اور انہیں طبی امداد کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے ان کا کہناتھا کہ اگر سول اسپتال میں کسی مریض کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری سیپکو حکام پر ہوگی۔