ناسا کا خلائی جہاز ”جونو“ مشتری کے مدار میں داخل ہوگیا

منگل 5 جولائی 2016 11:22

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 جولائی- 2016ء) خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا کا خلائی جہاز جونو نظام شمسی کے سب سے بڑے سیارے مشتری کے مدار میں داخل ہوگیا۔ یہ خلائی جہاز5 سال قبل خلائی مشن پر روانہ کیا گیا تھا۔ ناسا کی طرف سے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جونو کی مدد سے مشتری کے کئی سربستہ رازوں سے پردہ اٹھانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق 1600 کلوگرام وزنی خلائی جہاز مشتری کی سطح سے 5 ہزار کلومیٹر دور رہ کر 20ماہ کے دوران اس سیارے کے گرد37 چکر لگائے گا۔ اس دوران یہ مشتری کے مختلف حصوں کی تصاویر اوردیگر معلومات زمین پر روانہ کرے گا جن سے مشتری کی فضا، سطح ،ساخت اور اس کے وجود میں آنے بارے اہم انکشافات ہو سکیں گے۔ناسا حکام نے جونو کے مشتری کے مدار میں داخل ہونے کو تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔