Live Updates

27 رمضان المبارک قرآن اور پاکستان کی آزادی کیلئے مبارک دن ہے ، پاکستانی ملت اسلامی نظریات ،عزم و جذبہ ،امانت و دیانتداری اور اعلیٰ مقاصد کے ذریعے اسلامی ،خوشحال اور مستحکم پاکستان بنا سکتی ہے

قائمقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا27رمضان المبارک یوم آزادی پاکستان کے موقع پر یوتھ کانفرنس اور افطار و طعام پروگرام سے خطاب

پیر 4 جولائی 2016 22:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جولائی ۔2016ء) قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 27 رمضان المبارک قرآن اور پاکستان کی آزادی کے لیے بہت اہم اور مبارک دن ہے ، پاکستانی ملت اسلامی نظریات ،عزم و جذبہ ،امانت و دیانتداری اور اعلیٰ مقاصد کے ذریعے اسلامی ،خوشحال اور مستحکم پاکستان بنا سکتی ہے۔اﷲ نے پاکستان کو ہر نعمت سے مالامال کیا ہے لیکن69سال میں اسلامی نظریہ، آئین کے احکامات اور قیام پاکستان کے مقاصد سے انحراف کیا گیا ہے، 27رمضان المبارک یوم آزادی پاکستان کے موقع پر یوتھ کانفرنس اور افطار و طعام پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نوجوان کمر ہمت باندھیں اور سماج میں ناانصافی ،ظلم اور کرپشن کے خاتمہ کے لیے جدوجہد کریں،نوجوان نسل ہی پاکستان کے مستقبل کی محافظ اور پاسدار ہے۔

(جاری ہے)

انشااﷲ پاکستان تاقیامت قائم رہے گا اور پاکستان کے وجود ،یکجہتی اور ترقی کے دشمن ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ عناصر اپنے اعمال اور بدنیتی سے پاکستان دشمنوں کا راستہ ہموار کرتے ہیں۔لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے قائم مقام امیر مولانا محمد اسماعیل اور الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر عبدالشکور سے رابطہ کرکے ہدایات دی ہیں کہ چترال میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلے سے تباہی کے متاثرین کی ریلیف کا کام فوری طور پر شروع کردیں ۔

جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکاروں نے امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ماہ رمضان میں بھی وقفہ وقفہ سے قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کے ڈرون اٹیک ہوتے رہے۔بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور واپڈا کے جعلی بل عوام کے لیے وبال جان بنے رہے۔ اب عید کی آمد کے ساتھ ہی انسانی ضروریات زندگی کی ہر شے میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے،حکومتی مشینری بے بس اور ناکام ہے۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات