وفاقی حکومت نے عید پر لوڈشیڈنگ کی تو نتائج کا ذمہ دار خود ہوگی ، دن میں تارے دکھانا ہمیں آتا ہے

ایک وفاقی وزیر کراچی آ کر ہمیں چور کہہ کر چلا جاتا ہے ،موجودہ حکومت کے 3سالوں میں لوڈشیڈنگ بڑھی ہے،بلند و بانگ حکومتی دعوؤں کے باوجود رمضان المبارک میں سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، کسی بھی علاقے سے ٹرانسفارمر اتارا گیا تو پرچہ کٹوائیں گے سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑواور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو کا پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 4 جولائی 2016 18:02

وفاقی حکومت نے عید پر لوڈشیڈنگ کی تو نتائج کا ذمہ دار خود ہوگی ، دن میں ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جولائی ۔2016ء) سندھ کے سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑواور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے وفاقی حکومت کو عید پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی وارننگ دیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کو دن میں تارے دکھانا ہمیں بھی آتا ہے،عید پرلوڈشیڈنگ کی گئی تو نتائج کا ذمہ دار وفاق ہو گا، ایک وفاقی وزیر کراچی آتا ہے اور ہمیں گالیاں دے کراور چور کہہ کر چلا جاتا ہے ،موجودہ حکومت کے 3سالوں میں لوڈشیڈنگ بڑھی ہے،بلند و بانگ حکومتی دعوؤں کے باوجود رمضان المبارک میں سحری اور افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے،کے الیکٹرک ہو یا حیسکو اب کسی علاقے سے ٹرانسفارمر اتارا گیا تو پرچہ کٹوائیں گے۔

وہ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نثار کھوڑو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پچھلے پانچ سالوں میں بلند و بانگ دعوے کئے،وزیراعلیٰ پنجاب کبھی مائیک توڑتے تو کبھی تمبو لگا کر بیٹھ جاتے تھے، لوڈشیڈنگ سے متعلق ہم نے صرف یہ کہا تھا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں،بجلی کے مسئلے پر شہروں کی آواز ہے لیکن گاؤں کی آواز سننے والا کوئی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک وزیر آتا ہے اور ہمیں گالیاں دے کر اور چور کہہ کر چلا جاتا ہے،کو آرڈینیشن کمیٹی وارننگ دیتی ہے،عید پر کہیں بھی لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے، ہمیں وفاق کی دھوکہ دہی کا پول کھولنا ہو گا، جس علاقے سے ٹرانسفارمر اتارے گئے اس کے خلاف ایف آئی آرکٹوائیں گے، کے الیکٹرک ہو یا حیسکو اب کوئی ٹرانسفارمر نہیں اترنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ابھی تک کوئی لوڈشیڈنگ ختم نہیں کر سکی، حال یہ ہے کہ بل چند لوگ نہیں دیتے اور بھگتنا سارے علاقے کو پڑتا ہے، ہمیں بھی تارے دیکھانا آتا ہے، اب ہم دکھائیں گے کہ احتجاج کیسے ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف یہ کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم نہیں بنے گا، بھاشا ڈیم بنا لیا جائے اور چھوٹے چھوٹے ڈیم بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) احتجاج کرتی تھی تو مقدس علاقے کے مقدس لوگ کہا جاتا ہے، ہم احتجاج کریں تو کہا جاتا ہے کہ یہ راستہ ٹھیک نہیں ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 490 ارب روپے سرکلر ڈیٹ کی مد میں ادائیگی کرکے کہا کہ اب لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی لیکن موجودہ حکومت تین سال میں بھی بجلی نہ دے سکی۔

کراچی میں پانی کا بحران بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ہے حکومتی دعووں کے باوجود رمضان میں لوڈشیڈنگ ہورہی ہے جبکہ سحری اور افطاری میں بھی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔انہوں ے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے معاملے پر شہروں کی بات سننے والا تو کوئی نہ کوئی ہوتا ہے لیکن دیہاتوں کی آواز سننے والا کوئی نہیں ہوتا۔ نثار کھوڑو نے وفاق کو عید پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کو وارننگ دے رہا ہوں کہ عید پر لوڈشیڈنگ نہ کرے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ حیسکو میں ریٹائرڈ افسر کو بٹھایا ہوا ہے، اب ہم یہ دفتر نہیں کھولنے دیں گے،ہماری اور مسلم لیگ (ن) کی سیاست میں زمین آسمان کا فرق ہے۔