معروف لوک گلوکار الن فقیر کو بچھڑے 16 برس بیت گئے

پیر 4 جولائی 2016 14:09

معروف لوک گلوکار الن فقیر کو بچھڑے 16 برس بیت گئے

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جولائی ۔2016ء) صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف سندھی لوک گلوکار الن فقیر کی 16 ویں برسی پیر کے روز منائی گئی۔الن فقیر1932ء کو سندھ کے ضلع جامشورو میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے صوفیانہ کلام گا کر ملک گیر شہرت حاصل کی۔

(جاری ہے)

الن فقیر اگرچہ صوفی تھے لیکن انھوں نے فقیر تخلص کا انتخاب کیا وہ دربار شاہ عبدالطیف بھٹائی پر آنے والے عقیدت مندوں سے شاہ عبدالطیف بھٹائی کا کلام سنتے اور پھر اسے گاتے تھے،وہ 20برس تک اسی دربار پر رہ کرروحانی فیض حاصل کرتے رہے۔

ان کی پرسوز آواز ایک مرتبہ ریڈیو حیدر آباد تک پہنچ گئی جس کے بعد وہ ملک گیر شہرت حاصل کر گئے۔الن فقیر نے معروف پاپ سنگر محمد علی شہکی کے ساتھ ملک کر لوک گیت ”اللہ اللہ کربھیا“ بھی گایااوراس گیت نے انھیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ الن فقیر کو صدر جنرل ضیاء الحق نے 1980ء میں صدارتی ایوارڈ سے نوازا تھا اس کے علاوہ انھیں شاہ لطیف ایوارڈشہباز ایوارڈ اور کندھ کوٹ ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ الن فقیر 4جولائی 2000ء کووفات پاگئے تھے۔