سلمان خان کی فلموں میں ولن کا کردار اداکرنے سے معذرت

پیر 4 جولائی 2016 12:56

سلمان خان کی فلموں میں ولن کا کردار اداکرنے سے معذرت

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جولائی ۔2016ء) بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان جو اپنے کرداروں کے انتخاب کے معاملے میں بلند معیار رکھتے ہیں، فلموں میں ولن کے کردار کو اپنے لیے بہتر نہیں سمجھتے۔دبنگ خان نے ویسے ہی بولڈ اور ہارر فلموں میں کام کرنے سے انکار کر رکھا تھا اور اب انہوں نے فلموں میں ولن کا کردار ادا کرنے سے بھی معذرت کرلی ہے۔

بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک تقریب کے دوران جب سلمان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ فلموں میں ولن کا کردار کریں گے تو ان کا کہنا تھا، ’مجھے یہ اسٹائل پسند ہی نہیں ہے، میں ولن بننا ہی نہیں چاہتا، میں لوگوں کو محظوظ کرنے پر یقین رکھتا ہوں، مجھے ہیرو بننا پسند ہے اور ایک اچھا آدمی جسے شائقین فلم دیکھنے کے بعد بھی یاد رکھیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سلمان کا مزاحیہ انداز میں کہنا تھا ’اگر میں اصل زندگی میں اچھا انسان نہیں بن سکتا تو کم سے کم اسکرین پر تو بن جاوٴں اور یہی میں چاہتا ہوں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رپورٹس تھیں کہ سلمان خان کو فلم ’دھوم ریلوڈڈ‘ میں ولن کے کردار کی آفر دی گئی ہے تاہم اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم سلمان کو یہ فلم کرتے نہیں دیکھ پائیں گے۔سلمان خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں جب مداح فلم دیکھ کر سینما سے باہر نکلیں تو ان کے چہروں پر مسکراہٹ ہو۔دبنگ خان اس وقت اپنی فلم ’سلطان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے ہمراہ انوشکا شرما اہم کردار کرتی نظر آئیں گی۔فلم ”سلطان“ 6 جولائی کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :