جدہ بھاگنے کا دور گزر گیا، جہاں لوٹا وہیں حساب اور سزا ملے گی‘ میاں محمود الرشید

سستی روٹی ، ییلو کیب ، یوتھ لون ، اپنا روزگار ، اجالا سکیم میں اربوں کی کرپشن کا حساب کون دیگا؟ اپوزیشن لیڈر کاوزیراعلیٰ پنجاب سے سوال

ہفتہ 2 جولائی 2016 21:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا ہے کہ پنجاب کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے، پنجاب حکومت کا ہر منصوبہ کرپشن کی نذر ہوا، سستی روٹی سکیم میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی، لیب ٹاپ سکیم نا کام رہی، مارکیٹ میں حکومتی لیپ مارکیٹ میں 10تا 15ہزار روپے میں فروخت ہو رہے ہیں،ییلو کیب سکیم بھی کرپشن اور نا اہلی کی نذر ہو گئی، یوتھ لون سکیم، اپنا روزگار سکیم، اجالا سکیم بری طرح ناکام رہی، میاں محمودالرشید نے وزیراعلیٰ پنجاب سے سوال کیا کہ ان سکیموں میں اربوں کی کرپشن کا حساب کون دیگا؟ ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پکی ٹھٹھی سمن آباد میں ایک افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے کہا کہ راولپنڈی میٹرمہنگا ترین منصوبہ ہے لاہور میٹرو بس خسارے میں چل رہی ہے، سالانہ 5ارب سے زائد کا نقصان ہو رہا ہے، غریب کو ہسپتال میں ڈسپرین مہیا نہیں اور وزیراعلیٰ انسانوں کی بجائے صوبے کے وسائل کمیشن کے چکر میں پلوں اور سڑکوں پر اڑا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ا حتساب کاوقت آگیا ہے اب قومی دولت لوٹنے والے بچ نہیں سکتے، اب عوام کسی لٹیرے حکمران کو جدہ بھاگنے نہیں جانے دیگی جہاں لوٹا وہیں حساب اور وہیں سزا بھگتنا پڑی گی۔ میاں محمود الر شید نے مزید کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نا اہل مشیروں کے چکر سے نکلیں اور قوم کی آواز سنیں جو آپ سے پیسے کا حساب مانگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے بعد تحریک انصاف قومی لٹیروں کا جینا حرام کر دیگی اب ملک میں حقیقی تبدیلی کا وقت آگیا ہے لوگ بے رحم سیاست دانوں سے ایک ایک پائی کا حساب لئے بغیر چین سے نہیں بیٹھے گی۔