پنشنرز کو ادائیگی اور عوام کو بینکاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اسٹیٹ بینک کے فوری اقدامات

ہفتہ 2 جولائی 2016 21:12

کراچی ۔ 2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 جولائی ۔2016ء) عید الفطر کے موقع پر نقد کی غیرمعمولی طلب اور ملک بھر میں ماہانہ پنشن کی ادائیگی کے دوران نیشنل بینک آف پاکستان نے ہفتہ کو اپنے آپریٹنگ سسٹم میں کچھ غیرمتوقع فنی خرابیوں کا سامنا کیا۔ ملک کے کئی مقامات پر صارفین کو بینکاری سہولتوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اسٹیٹ بینک نے عوام الناس خصوصاً پنشنرز کو بینکاری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ان مسائل کے حل کی خاطر متعلقہ بینک کے ساتھ فوری اقدامات کئے ہیں۔ نیشنل بینک کے آپریشنز اب بحال ہوگئے ہیں اور وہ پنشنرز کو خدمات فراہم کر رہا ہے۔ مزید یہ کہ نیشنل بینک آف پاکستان کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ ادائیگی کے لیے آنے والے پنشنرز /صارفین کو خدمات کی فراہمی کی خاطر تادیر اپنی تمام برانچیں کھلی رکھے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ بینکوں بشمول نیشنل بینک کو اس امر کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے کہ عید کی چھٹیوں میں تمام اے ٹی ایمز کام کرتے رہیں اور ان سے نقد ملتا رہے۔ اس سال اسٹیٹ بینک نے عوام کو بینکاری خدمات کی فراہمی کے لیے وسیع کوششیں کی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد رمضان المبارک اور عیدالفطر کی طویل تعطیلات کے دوران عوام کو زحمت سے بچاتے ہوئے مالی خدمات فراہم کرنا ہے۔

اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک نے ہفتے کے روز 2 اور 9 جولائی کو تمام بینک برانچیں کھلی رکھنے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔ بینکوں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ ملک بھر میں اے ٹی ایمز پر بلاتعطل نقد کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے اسٹیٹ بینک نے وافر نقد فراہم کیا ہے تاکہ اسے اے ٹی ایمز کے ذریعے عوام تک پہنچایا جاسکے۔ یکم جولائی سے 10جولائی 2016ء کے دوران یہ تصدیق کرنے کے لئے کہ اے ٹی ایمز درست طور پر کام کر رہی ہیں اسٹیٹ بینک کے انسپکٹرز اور ایس بی پی بی ایس سی کے دفاتر کی توثیقی ٹیمیں کمرشل بینکوں کی اے ٹی ایم سائٹس کی نگرانی کریں گی۔

متعلقہ عنوان :