گرمی کا زور ٹوٹنے کے باوجود لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی نہ ہو سکی ،دیہی علاقوں میں 14سے 16گھنٹے بجلی کی بندش جاری

راوی روڈ کے رہائشیوں کا طویل لوڈ شیڈنگ اورٹرانسفارمر نہ لگانے کیخلا ف بتی چوک میں ٹائر جلا کر احتجاج ،میٹرو سروس بھی معطل رہی

ہفتہ 2 جولائی 2016 19:56

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء ) گرمی کا زور ٹوٹنے کے باوجود لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی نہ ہو سکی ،دیہی علاقوں میں 14سے 16گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ،راوی روڈ کے رہائشیوں نے ٹرانسفارمر نہ لگانے کے خلا ف بتی چوک میں ٹائر جلا کر سڑک کو بلاک کر دیا جس سے میٹرو سروس بھی معطل رہی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور ہواؤں کے چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے تاہم اسکے باوجود شیڈول لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز بھی مختلف شہری علاقوں میں 7سے 9جبکہ دیہی علاقوں میں 14سے 16گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔ علاوہ ازیں راوی روڈ کے رہائشیوں نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور ٹرانسفارمرز چوری ہونے کے خلاف ٹائر جلا کر سڑک کو بلاک کر دیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور بدترین ٹریفک جام ہو گیا،مشتعل شہریوں نے میٹرو بس سروس بھی روک دی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ لیسکو والے خود ٹرانسفارمرز چوری کر کے لوڈ شیڈنگ کرتے ہیں، ہزاروں روپے بجلی بل وصول کرنے کے باوجود لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے ۔مظاہرین نے ٹائروں کو آگ لگا کر واپڈا کے خلاف نعرے بازی کی۔

متعلقہ عنوان :