وفا ق المدارس الشیعہ کا مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر تشویش کا اظہار

عالمی اداروں کو بحرین میں آیت اﷲ عیسیٰ قاسم کی شہریت کی منسوخی کا نوٹس لینے کا مطالبہ،بحرین، یمن اور سعود ی عرب میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی صورت حال کشمیر اور فلسطین سے بھی بدتر ہے‘علامہ نیاز نقوی کی علما سے گفتگو

ہفتہ 2 جولائی 2016 19:52

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی اداروں سے بحرین اور سعودی عرب میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے، مجاہد عالم دین آیت اﷲ عیسیٰ قاسم کی شہریت کو منسوخ کرنے کے بحرینی حکومت کے احکامات کے خلاف لوگ احتجاج کررہے ہیں،یہاں کے حالات کشمیر اور فلسطین سے بھی بدتر ہوتے جارہے ہیں۔

علما کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ ایمنسٹی انٹر نیشنل نے اپنی حالیہ رپورٹ میں سعودی عرب میں محض سیاسی اختلافات پر پھانسیوں پر تشویش کا اظہار کرکے عالمی ضمیرکو جھنجوڑنے کی گرانقدر کوشش کی ہے، جسے انسانی آزادیوں پر یقین رکھنے والے کھلے دل سے سراہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آیت اﷲ باقرالنمر کی جنوری میں شہادت ان شہادتوں میں سے سب سے زیاد ہ ظالمانہ تھی کہ جنہیں آل سعود کو اپنی تقاریر میں تنقید کا نشانہ بنانے اور شہری آزادیوں کا مطالبہ کرنے کے جرم میں شہید کردیا گیا۔

ان کا کہنا تھاکہ آل سعود کو ان مظالم کا حساب ضروردینا ہوگا، چونکہ اﷲ تعالیٰ کے ہاں دیر ہے، اندھیر نہیں۔علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ بحرین میں شیعہ اکثریت میں ہیں ،جو وہاں آل خلیفہ کی مسلط بادشاہت سے اپنے حقو ق مانگ رہے ہیں ، یہا ں کے قائد مجاہد عالم دین آیت اﷲ عیسیٰ قاسم کی شہریت کو منسوخ کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں ، جس کے بعد سے لوگ سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں۔

انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی صورت حال کشمیر اور فلسطین سے بھی بدتر بحرین، یمن اور سعود ی عرب میں ہے۔جس کی طرف عالمی اداروں کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کو زیادہ دیر تک جاری نہیں رکھا جاسکتا ، ظالم آخر اپنے انجام کو پہنچ ہی جاتا ہے۔عرب بادشاہتیں بھی اب لگتا ہے کہ عوامی غیض وغضب کا شکار ہونے والی ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ شام میں عرب ممالک کی مداخلت کے باعث داعش جیسے گروپوں کو پیدا کیا گیا جو اسلام کی بدنام کا باعث بن رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :