حکومت پنجاب عوام کو معاشی ریلیف کی فراہمی کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے‘ بلال یاسین

رمضان بازاروں کے کامیاب انعقاد سے ناجائزمنافع خوری کے مذموم مقاصد رکھنے والوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے،داؤد پولٹری کو کم وزن میں گوشت فروخت کرنے پر گرفتارکرلیا گیا ‘ صوبائی وزیر کا کریم پارک رمضان بازار کا اچانک دورہ

ہفتہ 2 جولائی 2016 19:42

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء) صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول بلال یاسین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کو معاشی ریلیف کی فراہمی کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے اس سلسلے میں ماہ صیام کے دوران صارفین کو معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے صوبہ بھر میں رمضان بازاروں کاکامیاب انعقاد کیاگیا ہے جس سے گرانفروشوں کی حوصلہ شکنی اور ذخیرہ اندوزوں کے مذموم مقاصدکوناکام بنادیاگیا ہے۔

انہوں نے یہ بات رمضان بازارکریم پارک کے اچانک معائنہ کے دوران اشیائے ضروریہ کی دستیابی ‘ معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیتے ہوئے خریداری کے لئے آئے ہوئے شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔صوبائی وزیر نے قبل ازیں کریم پارک کی اوپن مارکیٹ میں مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے داؤد پولٹری دکان فروش کو کم وزن میں گوشت فروخت کرنے پر گرفتار کرنے کاحکم دیا اور متعلقہ تھانے میں اس کے خلاف پرچہ درج کرنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

بعدازاں صوبائی وزیر نے مختلف سٹالز پر سبزیوں ‘ پھلوں ‘ دالوں ‘ گوشت اور دیگر اشیاء کے معیار کو چیک کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کا بنیادی مقصد اعلی اور معیاری اشیاء کی ارزاں نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے صارفین سے اشیاء کے معیار ‘ قیمتوں اور انتظامات کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اس سلسلے میں رمضان بازاروں کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔

صوبائی وزیر نے سستے آٹے اور سستی چینی کے سٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو رعایتی نرخوں پر آٹا کی فراہمی کے لئے وزیر اعلی پنجاب کے رمضان پیکج کے تحت اربوں روپے کی سبسڈی دی گئی ہے جس کے فوائد غریب عوام تک پہچانے میں کوئی کسر باقی نہیں رہنی چاہئے ۔ انہوں نے رمضان بازاروں کے عمدہ انتظامات پر اپنے بھر پور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی محنت اور صلاحیتوں کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ بازاروں میں بزرگ شہریوں کے لئے خصوصی انتظامات ‘ صفائی ستھرائی ‘ معیاری ٹائلٹس ‘ فری پارکنگ اور دیگر سہولیات کے علاوہ حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق گوشت و دیگر اشیاء کی فروخت قابل ستائش اقدام ہے ۔ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ رمضان بازاروں کے کامیاب انعقاد اور سستے داموں معیاری اشیاء کی فراہمی سے ناجائزمنافع خوری کے مذموم مقاصد رکھنے والوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے اور اوپن مارکیٹ میں بھی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ایسے گرانفروشوں کو نکیل ڈال رہے ہیں ۔