Live Updates

احتجاج کی قیادت عمران خان کرینگے یا بلاول یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے ‘ جہانگیر خان ترین

حکومت کو پانامہ لیکس ایشو کو سردخانے میں نہیں ڈالنے دینگے ، عیدالفطر کے بعد سڑکوں پر نکلنے کیلئے بھرپورتیاری کر رہے ہیں

ہفتہ 2 جولائی 2016 18:57

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ حکومت کو پانامہ لیکس ایشو کو سردخانے میں نہیں ڈالنے دیں گے ، عیدالفطر کے بعد سڑکوں پر نکلنے کیلئے بھرپورتیاری کر رہے ہیں ، احتجاج میں ہمارے ساتھ کتنی سیاسی جماعتیں سڑکوں پر ہوں گی اس کا فیصلہ عید کے بعد ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ اس موقع پر پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات صمصام بخاری ، میاں محمود الرشید ، اعجاز چوہدری ، عبدالعلیم خان اور دیگر بھی مو جودتھے ۔ جہانگیر خان ترین نے کہا کہ اگر حکومت سمجھتی ہے کہ ہم پانامہ لیکس ایشو پر خاموشی اختیار کر لیں گے تو یہ اس کی غلط فہمی ہے ،پی ٹی آئی پانامہ لیکس کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹے گی ۔

(جاری ہے)

اگرسو فیصد شفاف اور میرٹ پر مبنی احتساب کمیشن عمل میں نہ لایا گیا تو پو رے پاکستان میں احتجاج کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پا رٹی انتخابات کے نتیجے میں جنم لینے والی تمام گروہ بندیوں کو ختم کردیا گیا ہے اور اب پانامہ لیکس کے ساتھ ساتھ عام انتخابات کی تیاریاں ں بھی شروع کر دی ہیں۔ آئندہ عام انتخابات میں (ن) لیگ کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس پر احتجاج میں ہمارے ساتھ کتنی سیاسی جماعتیں سڑکوں پر نکلیں گی اس بات کا فیصلہ عید کے بعد ہوگا، اس احتجاج کی قیادت عمران خان کریں گے یا بلاول بھٹو زرداری کریں گے یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے ، اس احتجاج میں جو آنا چاہے آئے ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں ، لیکن اگر کوئی علیحدہ احتجاج کرنا چاہتا ہے تو علیحدہ بھی کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں صدور کیلئے نام منتخب کر لیے گئے ہیں تاہم اس پر ابھی مزید کام جا ری ہے۔ انہوں نے کرپشن کے الزامات کی زد میں رہنے والی پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر چلنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ مل کر چلنا پڑتا ہے اور پانامہ لیکس کے معاملے پر دباؤ بڑھانے کے لئے ہمیں مل کر چلنا پڑے گا ۔ عمران خان کی جانب سے مریم نواز کے خلاف بیان کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کو اطلاع دینے والے شخص کی غلطی تھی ، اسے چاہیے تھا کہ ان تک پیغام پہنچانے سے پہلے تصدیق ضرور کر لیتا۔

سیکرٹری اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر گز حقیقی اپو زیشن کا کر دار ادا نہیں کر رہی ، اسی وجہ سے میں نے متنفر ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی ، اگر وزیر اعظم واقعی پانامہ لیکس سے خوفزدہ نہیں ہیں تو انہیں چاہیے کہ خود کو احتساب کیلئے پیش کریں ، بیرون ملک فرار ہونے کی وجہ کیا ہے ؟۔ صمصام بخاری نے مزید کہا کہ اب میں نے سیکرٹری اطلاعات پنجاب کی ذمہ داری سنبھال لی ہے ، اب صحافیوں کی تمام شکایات دور ہو جائیں گی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات