Live Updates

اب تک رمضان بازاروں کے صارفین کی تعداد 67لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے ‘ بریفنگ

محکمہ ایگری مارکیٹنگ ہر رمضان المبارک اورباقی پورا سال متعلقہ سپلائرز سے روابط جاری رکھے گا پنجاب کی اوپن مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں گزشتہ پانچ سال کے دوران سب سے کم سطح پر ہیں‘شمائل احمد خواجہ

ہفتہ 2 جولائی 2016 18:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جولائی ۔2016ء) اس سال رمضان پیکج کے تحت پنجاب بھر میں لگائے گئے 318رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں روز مرہ استعمال کی ضروری اشیاء سستے داموں روزہ داروں تک پہنچانے کے سلسلے میں 3جون سے آج دو جولائی تک 29دنوں کے دوران حکومتی سبسڈی کے مناسب استعمال ، پھلوں، سبزیوں، دالوں ،آٹے ، چینی ، چاول اور دیگر اجناس کی رسد اور کھپت کا روزانہ بنیاد پر جائزہ لینے والی کیبنٹ کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی صدارت میں سول سیکرٹریٹ لا ہور میں منعقد ہوا ۔

صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے بھی اجلاس میں خصوصی طور پرشرکت کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کے وسط تک پنجاب بھر میں رمضان بازاروں سے رعایتی قیمتوں پر کھانے پینے کی اشیا ء خریدنے والے صارفین کی تعداد 67لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس دوران ایک کروڑ 35لاکھ کلو گرام اشیائے خوردنی پنجاب کے عوام کو رمضان بازاروں میں سستے داموں خریدنے کا موقع ملا۔

(جاری ہے)

ان 29دنوں کے دوران حکومت پنجاب کے سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 60ہزار کے قریب انسپکشنز کیں ۔ 5561سٹالوں اور دکانوں میں حکومتی قواعد وضوابط کی خلاف ورزی اور گراں فروشی کی شکایات پر 7918۔افراد گرفتار کئے گئے اور 5کروڑ 36لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ اجلا س کو بتایا گیا کہ پنجاب کے بعض اضلاع سے مقامی انتظامیہ کے کچھ اہلکاروں کی ملی بھگت سے چینی کی ذخیرہ اندوزی کی اطلاعات پر پنجاب پولیس کی سپیشل برانچ نے ذخیرہ اندوزوں کی فہرست صوبائی حکومت کو فراہم کر دی ہے ۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے اس موقع پرہر ضلع کے ڈی سی او کو ہدایات جاری کیں کہ ہر ضلع میں روزانہ کم ازکم 2 ایسی جگہوں پر چھاپے ضرور مارے جائیں جہاں ذخیرہ اندوزی کا احتمال موجود ہو ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرگودھا میں ایک ذخیرہ اندوز تاجر کے گودام سے سبسڈائزڈ ریٹ والی 1800بوریاں چینی برآمد ہو ئی ہے ۔ جہاں تک خوردنی تیل اور بناسپتی گھی کا تعلق ہے ، پنجاب بھر میں آئل سٹاکسٹس کے پاس اگلے دس دن سے زیادہ کا کوٹہ دستیاب ہے اور مزید سپلائی بھی آرہی ہے ۔

اس لئے ہو نا چاہیے ۔ شمائل احمد خواجہ نے کہا کہ گوشت ، چکن ، سبزیوں ، دالوں اور پھلوں کی قیمتوں میں استحکام رمضان المبارک کے دوران صارفین ا ورخاص طور پر روزہ داروں کے لئے ایک نعمت سے کم نہیں۔حکومت پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے بعد بھی صارفین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور اس سلسلے میں سرکاری عملے کی جانب سے کسی قسم کی کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی ۔

انہوں نے رمضان المبارک کے دوران پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ کی فئیر پرائس شاپس کی کارکردگی کو نہایت اطمینان بخش قراردیا جس کی بدولت آج پنجاب کی اوپن مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں گزشتہ پانچ سال کے دوران سب سے کم سطح پر ہیں ۔ سپیشل سیکرٹری ایگری مارکیٹنگ محترمہ ڈاکٹر فرح مسعود نے اس موقع پر بتا یا کہ مختلف دالوں کی قیمت میں گزشتہ پانچ سال کے دوران کچھ اضافہ ضرور دیکھنے میں آیا ہے ،بیرونی مما لک سے دالوں کی مہنگی امپورٹ جس کی بنیادی وجہ ہے۔

انہوں نے مختلف شہروں میں چنے کی دال کی قیمت میں فرق کی اصل وجہ اس حقیقت کوقرار دیا کہ کالے چنے کا چھلکااتار کر چنے کی دال اور بیسن تیار کرنے والی فیکٹریاں صرف سرگودھا اور فیصل آباد میں لگا ئی گئی ہیں جبکہ باقی اضلاع تک پہنچانے کے لئے ٹرانسپورٹیشن کے اضافی اخراجات اٹھانا پڑتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کے فئیر پرائس شاپس پر چنے کی دال اوپن مارکیٹ سے بیس روپے فی کلو گرام جبکہ باقی دالیں دس روپے فی کلو گرام عام صارفین کو فراہم کی گئی ہیں ۔

اس سال رمضان المبار ک کے دوران اب تک 14150ٹن دالیں ، سبزیاں اور فروٹ سستے داموں فروخت ہوا ہے ۔گزشتہ سا ل رمضان المبار ک کے دوران ان اشیاء کی مجموعی فروخت 11958ٹن رہی تھی ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے محکمہ ایگری مارکیٹنگ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ جس طرح اس سال رمضان المبار کے سے دو ماہ پہلے متعلقہ سپلائرزکے ساتھ روابط کا سلسلہ شروع کردیا گیا تھا ، اسی طرح رمضان المبار ک کے بعد بھی پو را سال یہ روابط مستقل بنیاد پر جاری رکھے جائیں تاکہ اوپن مارکیٹ میں کسی ضروری شے کی کمی لانے کا کو ئی جواز با قی نہ رہے ۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :